صوبائی وزیرِ داخلہ سہیل انور خان سیال کی ایوان صنعت و تجارت سکھر آمد ، ایوان کے عہدیداران نے خیرمقدم کیا

ہفتہ 5 مئی 2018 23:04

صوبائی وزیرِ داخلہ سہیل انور خان سیال کی ایوان صنعت و تجارت سکھر آمد ..
سکھر۔ 5مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) ایوانِ صنعت و تجارت سکھرکے صدر انجینئرعبدالفتاح شیخ نے صوبائی وزیرِ داخلہ سہیل انور خان سیال کی ایوان صنعت و تجارت سکھر آمد پر ایوان کے سابق صدو ر اور اراکینِ مجلسِ انتظامیہ کے ہمراہ اُن کا خیرمقدم کیا۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق وزیرِ داخلہ کے ہمراہ ڈی آئی جی سکھر رینج خادم حسین رند، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ ، ایس ایس پی تنویر حسین تنیوو دیگر پولیس افسران شریک ہوئے۔

صدرِ ایوان نے خیرمقدمی کلمات میں امن و امان کی بحالی پر حکومتِ سندھ با الخصوص محکمہ ئِ داخلہ کی کارکردگی کو سراہا ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سکھر کی زیرِ قیادت سکھر رینج بشمول سکھر شہر ، ملحقہ اضلاع اور ہائی ویز پر شہریوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات کے اعتراف میں کہا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے کاروباری حلقوں اور عوام میں احساسِ تحفظ اُجاگر ہواہے اور کاروباری سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سہیل انور سیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس اپنے فرائض کی بجا آوری میں ہر ممکن اقدامات کیلئے ہمہ وقت مستعد ہے۔ پولیس فورس کی حوصلہ افزائی اور اُن کارکردگی کے اعتراف میں انعامی رقوم اور نوکریوں میں اضافہ کیا ہے تاکہ ہر جوان پوری دلجمعی سے شہریوں اور کاروباری افراد کی حفاظت کیلئے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھیں ۔ اس موقع پر صدرِ ایوان انجینئر عبدالفتاح شیخ، سابق صدور شکیل احمد مختار، محمد دین، عامر علی خان غوری، سینئر نائب صدر پرکاش کمارنے ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کو اُن کی بہترین کارکردگی پر ایوان کی جانب سے سووینئر پیش کیا، سابق نائب صدر جاوید علی شیخ،چیئرمین امن و مان کمیٹی زاہد اقبال، اراکینِ ایوان آصف علی خان مہر، جاوید احمد شیخ، محمد اسلام مغل اور گرداس نے مہمانوں کو ایوان کی شیلڈز، سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔

بعد ازاں مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ ترتیب دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :