فرانس کی کیمیائی حملہ کے ذمے دار کے تعین کے لیے مجوزہ میکانزم پر اتحادیوں سے مشاورت

اتوار 6 مئی 2018 10:20

․ پیرس۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2018ء) مغربی طاقتیں کیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کے ذمے داروں کے تعیّن کے لیے فرانس کی پیش کردہ نئی تجویز کا جائزہ لے رہی ہیں۔فرانس نے نیدر لینڈز میں قائم کیمیائی ہتھیاروں کے امتناع کی تنظیم ( او پی سی ڈبلیو) کے تحت ایک نیا میکانزم وضع کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

ہیگ میں قائم او پی سی ڈبلیو اپنے موجودہ نظم کے تحت صرف کیمیائی حملوں کی نشان دہی کرسکتی ہے کہ ایسا کوئی حملہ ہوا ہے لیکن کیمیائی ہتھیار سے حملہ کس نے کیا تھا، اس کی نشان دہی کرنا اس کے دائرہ کار میں نہیں آتا ہے۔

نئے میکانزم کے تحت او پی سی ڈبلیو حملے کے ذمے داروں کا تعیّن کرسکے گی۔واضح رہے کہ شام میں او پی سی ڈبلیو اور اقوام متحدہ مشترکہ طور پر 2015ء سے کیمیائی ہتھیاروں کے حملوں کی تحقیقات کررہی تھیں لیکن گذشتہ سال نومبر میں روس نے ان کے مینڈیٹ میں توسیع سے متعلق قرار داد کو ویٹو کردیا تھا۔