راولپنڈی، قرآن کو پڑھنا، سننا اورسمجھنا اللہ کے نزدیک افضل ترین عبادت ہے، ڈاکٹر جمال ناصر

وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کے اس عظیم و بے مثال تحفے کو حفظ کر لیتے ہیں وہ خدا کے پسندیدہ بندوں میں شامل ہوجاتے ہیں ۔ قرآن کریم کی اشاعت و تجوید کے لئے سعودی عرب کی کوششیں قابل ستائش ہیں، راولپنڈی کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت

اتوار 6 مئی 2018 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2018ء) معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ قرآن کو پڑھنا، سننا اورسمجھنا اللہ کے نزدیک افضل ترین عبادت ہے اور وہ لوگ جو اللہ تعالیٰ کے اس عظیم و بے مثال تحفے کو حفظ کر لیتے ہیں وہ خدا کے پسندیدہ بندوں میں شامل ہوجاتے ہیں ۔ قرآن کریم کی اشاعت و تجوید کے لئے سعودی عرب کی کوششیں قابل ستائش ہیںاور برادر اسلامی ملک کی پاکستان کے استحکام کیلئے کوششوں کو بھی ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہارمہمان خصوصی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر جمال ناصر نے فیصل مسجد اسلام آباد میں سعودی عرب کی ذیلی تنظیم رابطہ عالم اسلامی اور انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن(آئی آئی آر او)کے زیر اہتمام شہرت یافتہ مقبول اور دس سال سے کم عمر حفاظ کے مابین چودھویں سالانہ آل پاکستان مقابلہ حفاظ قرآن کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر آئی آئی آر او شیخ سعد الحارثی نے کی۔ڈاکٹر جمال ناصرنے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں فلاحی خدمات رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکرصرف خدمت انسانیت کے پیش نظر جاری رکھے ہوئے ہے ۔رابطہ عالم اسلامی اورانٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن(آئی آئی آر او)قرآن کی اشاعت وتجوید میں بھرپور معاونت کر رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین گہرے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کی تمام اہل پاکستان دل سے قدر کرتے ہیں اور پاکستان کی ترقی کے لئے سعودی عرب کی خدمات کو بے حد سراہتے ہیں۔ اس مو قع پر ڈپٹی ڈائریکٹرآئی آئی آر او شیخ سعد الحارثی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی دُنیا بھر میں اسلام کی اشاعت و ترویج کے لئے بھرپور خدمات سر انجام دے رہا ہے ۔

پاکستان میں ہر سال پچاس سے زائد حفاظ القرآن بچوں کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازنے کے علاوہ ان بچوں کو عمرہ کے لئے سعودی عرب بھجوایا جاتا ہے ۔جس سے ان میں اسلامی تعلیمات کو مزید سیکھنے کا جوش و جذبہ بڑھتا ہے۔قاری محمد یوسف نے کہا کہ بچوں کے مابین حفظ قرآن کے مقابلے کرانے کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی ہے ، یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے یہ کم عمر بچے دین اسلام سے لگاؤ رکھتے ہیں اور پوری دل جمعی سے قرآن پاک کو سمجھے اور حفظ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ،اس نیک کام میں اللہ تعالیٰ کی مدد بھی ان کے ساتھ ہوتی ہے ۔

تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹرآئی آئی آر او شیخ سعد الحارثی نے ڈاکٹر جمال ناصر کو ان کی فلاحی خدمات پر شیلڈ پیش کی ، تقریب میں محمد جاوید بٹ،قاری محمد اخلاق مدنی امام فیصل مسجد، قاری محمد یوسف ہزاروی انچارج حلقات قرآنیہ پاکستان و مقابلہ حفظ قرآن ،قاری عبد الغفور، قاری محمد بشیر، قاری سعید احمد،قاری عبدالصمداور شکیل کیانی بھی موجود تھے۔

مقابلہ حفظ قرآن میں غرائب الحفاظ ،مقدمہ جزری، قرآت عشرہ کے مقابلے بھی شامل کئے گئے ہیں۔یاد رہے کہ حفظ ِقرآن کے حوالے سے بچوں کے مابین ان مقابلوں کا آغاز ملک بھر میں 14مارچ 2018ء سے کیا جا چکاہے ،جبکہ فیصل مسجد میں آج سے شروع ہونے والے فائنل مقابلے منگل8مئی 2018ء شام 5بجے تک جاری رہیں گے ۔ آخری نشست میں پوزیشن ہولڈر بچوں سمیت دیگر شرکاء میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔