پاکستان میں بدقسمتی سے تعلیمی نظام اور نصاب میں اصل تاریخ چھپائی گئی ہے‘مولانا فضل علی حقانی

ہمارے نوجوان اپنے اسلاف کے تاریخ سے بے خبر ہیں سیکولر نظام کی وجہ سے پاکستان میں فحاشی و عریانی کو فروغ مل رہا ہے،خطاب

اتوار 6 مئی 2018 20:30

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 مئی2018ء) جے یو آئی ف کے مرکزی نائب امیر مولانا فضل علی حقانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بدقسمتی سے تعلیمی نظام اور نصاب میں اصل تاریخ چھپائی گئی ہے جس کی وجہ سے ہمارے نوجوان اپنے اسلاف کے تاریخ سے بے خبر ہیں اور جو قومیں اپنی ماضی سے کٹی ہوئی ہو وہ قومیں اپنے حدود کا صحیح تعین نہیں کرسکتی ،ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے حجرہ بلڑخیل زیدہ سٹی جمعیت طلباء اسلام کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس سے جید اور بزرگ عالم دین مولانامحمد امین دوست ضلعی صدر جے ٹی آئی مولانا گوہرزمان ، مرکزی کونسل کے رُکن نورالاسلام ، حلقہ پی کے 45 کے صدر مولانا محمد جاوید ، فیض الرحمن عرف گل ،زیدہ سٹی کے صدر نعمان خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ، مولانا فضل علی حقانی نے کہا کہ دُنیا میں دو واضح قوتیں ہیں ،ایک سیکولر قوت ہے جس کا مذہب اور دین سے کوئی تعلق نہیں اور ان کا یہ سوچ و فکر ہے کہ ریاست سے مذہب کا کام اور واسطہ نہیں سیکولر نظام کی وجہ سے پاکستان میں فحاشی و عریانی کو فروغ مل رہا ہے اور اس کی واضح ثبوت یہاں نوجوان لڑکیاں ہیں جس نے حال ہی میں پلے کارڈ اُٹھارکھی تھی جس پر ’’ میرا جسم میری مرضی ‘‘ کے نعرے درج تھے ،سیکولر قوتوں کی سازش کی وجہ سے اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں خواتین کو اس قسم کی آزادی سے جرأت ملی ،سرکاری سکولز کے گیٹوں پر ہم جنس پرستی کے نشانات لگائے گئے ہیں یہی قوتیں ہمارے وسائل ،دین ،عقیدہ ،اقدار ،معیشت اور طور طریقوں پر حملہ آور اور قابض ہے جبکہ دوسری قوت مذہبی لوگ ہیں جو پاکستان سمیت دُنیا بھر میں اسلامی نظام چاہتے ہیں ،انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ آنے والے انتخابات میں جے یو آئی کا پیغام گھر گھر عوام تک پہنچادیں اور ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر متحد ہوکر ان تمام سازشوں کو ناکام بنادیں تاکہ ہمارا نوجوان نسل اس تباہی سے بچ سکے ۔