ہنگو،ٹل کے ساتھ ملحقہ علاقہ حد میلہ پہاڑی کے دامن میں امن کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پزیر

فائنل میچ میں ڈول راغہ الیون نے حد میلہ کلب کو 16رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ ٹرافی اپنے نام کر لی

پیر 7 مئی 2018 15:30

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2018ء) ٹل کے ساتھ ملحقہ علاقہ حد میلہ پہاڑی کے دامن میں امن کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پزیر ۔ فائنل میچ میں ڈول راغہ الیون نے حد میلہ کلب کو 16رنز سے شکست دیکر ٹورنامنٹ ٹرافی اپنے نام کر لی۔ مہمان خصوصی ٹل سکائوٹس لیفٹیننٹ کرنل عدنان بن طاہر نے ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹل کے ساتھ ملحقہ علاقہ حدمیلہ میں ٹل سکاؤٹس کے تعاون سے جاری امن کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈول راغہ الیون نے حدمیلہ کلب کو 16 رنز سے شکست دے کر جیت لیا۔

فائنل میچ کے مہمان خصوصی فرنٹیئر کور کے لیفٹیننٹ کرنل عدنان بن طاہر تھے۔اس موقع پر میجرفیصل محمود،صوبیدار رحمت خان،گل شجان ،مختلف علاقوں کے کھلاڑی سمیت عمائدین علاقہ کثیرتعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک بڑے اجتماع سے کرنل عدنان بن طاہر نے کہا کہ قبائل نے قیام پاکستان سے لے کر اب تک ملک خداداد کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔

امن و امان کی بگھڑتی صورت حال کی وجہ سے فاٹا کے عوام نے کافی مشکلات کا سامنا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب حالات کافی بہتر ہے ہمارامقصد پھلتاپھولتا پاکستان ہے جبکہ ان پہاڑوں کے دامن میں ٹورنامنٹ کا انعقاد نئی نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف کرنا ہے۔اس موقع پر قبائلی رہنماؤں نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹل سکاؤٹس نے اس خطے میں امن کی فضا قائم رکھنے میں بنیادی کردار اداکیا۔ٹورنامنٹ میں گلی شنگ،ڈول راغہ،حدمیلہ اور سنگڑوبہ کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔فائنل تقریب کے آخر میں لیفٹیننٹ کرنل عدنان بن طاہر نے ونر اور رنرٹیموں کو ٹرافی اور نقدانعامات تقسیم کئے۔