این سی ایچ ڈی نے تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کیلئے ملک کے پسماندہ علاقوں میں 5949 فیڈر سکول قائم کئے ہیں،

داخلہ مہم میں اب تک 60 ہزار بچوں کا داخلہ ہو چکا ہے، رائے ریاض حسین

پیر 7 مئی 2018 19:21

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2018ء) قومی کمیشن برائے انسانی ترقی (این سی ایچ ڈی) نے ملک بھر میں بچوں کو سکولوں میں داخلہ کی مہم شروع کی ہے اور اب تک این ایچ سی ڈی کے فیڈر سکولوں میں 60 ہزار بچوں کا داخلہ ہو چکا ہے۔ این سی ایچ ڈی کے آفیسر رائے ریاض حسین نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ تعلیم تک رسائی کم داخلہ کی ایک بڑی وجہ ہے اور تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کیلئے این سی ایچ ڈی نے ملک کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں 5949 فیڈر سکول قائم کئے ہیں۔

ان فیڈر سکولوں میں 6581 اساتذہ 3 لاکھ 55 ہزار طلباء کو تعلیم دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی نے ملک کی کم شرح خواندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم بالغاں کا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں خواتین اور خاص طور پر مائوں کو تعلیم دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی نے ملک کی کم شرح خواندگی میں بہتری کیلئے دو پروگرام مائوں کیلئے تعلیم بالغاں کا پروگرام اور فیڈر سکولوں کے ذریعے یونیوسل پرائمری ایجوکیشن اپنائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی ملک بھر میں قائم اپنے 6 ہزار تعلیم بالغاں کے سنٹرز میں 38 لاکھ افراد کو پڑھنا لکھنا سکھا چکے ہیں جس میں سے 90 فیصد خواتین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ان کی مالی صورتحال اور معیار زندگی بہتر ہوا اور معاشرے میں ان کی قدر میں اضافہ ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این سی ایچ ڈی نے وفاقی دارالحکومت، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مدارس کے طلباء کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے ایک منصوبہ کے تحت رسمی تعلیم فراہم کرنے کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام پروگرام ملک میں 90 فیصد شرح خواندگی کرنے کے پلان آف ایکشن کی کوششوں کا حصہ ہیں۔