پاک فضائیہ کی دعوت پر تھیلیسیمیاکے مرض میں مبتلا بچوں کاسرگودھا اور لاہور ایئر بیسزکا دورہ ،

اعلیٰ افسران کی جانب سے پرتپاک استقبال ، بچوں کو پاک فضائیہ کی شاندار تاریخ کے بارے میں بریفنگ ،وہ جے ایف17تھنڈر ، میراج اورایف 7 لڑاکا طیارے دیکھ کر بہت خوش ہوئے، بچوں میں تحائف اور پی اے ایف کی یادگاری اشیا بھی تقسیم

پیر 7 مئی 2018 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 مئی2018ء) پاک فضائیہ نے ورلڈ تھیلیسیمیا ڈے کے موقع پراس موذی مرض میں مبتلا بچوں کو سرگودھا اور لاہور بیس کی سیر کی دعوت دی۔ اس دورہ کا انتظام پاک فضائیہ نے سندس فائو نڈیشن کے تعاون سے کیا جو کہ اس بیماری میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے پر کام کر رہی ہے۔ ان معصوم بچوں نے پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹس اور زمینی عملے کے ساتھ وقت گزارنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

بچوں کی پی ایف بیس مصحف آمد پر وہاں موجود اعلیٰ افسران نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔بچے پہلے بیس پر موجود ہسٹری روم میں گئے جہاں انہیں پاک فضائیہ کی شاندار تاریخ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جو کہ اس بیس کے افراد نے رقم کی تھی۔بعد ازاں ان بچوں کو بیس کے ٹارمک پہ لے جایا گیا جہاںوہJF-17تھنڈر ، میراج اور F-7 لڑاکا طیارے دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وہاں پاکستان کے فضائی محافظوں سے ملاقات کی اور ان سے پیشہ ورانہ مہ داریوں اور ذاتی زندگی کے بارے میں گفتگو کی۔ان لڑاکا طیاروں کی پرواز نے ان بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ۔ اسی گروپ نے پی اے ایف بیس لاہور کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے ریڈارز اور ائیر ڈیفنس کے دوسرے آلات دیکھے۔اس دن کو یادگار بنانے کے لئے ان بچوں میں تحائف اور پی اے ایف کی یادگاری اشیا بھی تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر ان مریض بچوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے افراد کے ساتھ گزارا ہوایہ وقت ان کی زندگی کے ناقابلِ فراموش لمحات میں سے ہے۔ پاک فضائیہ باقاعدگی کے ساتھ اس طرح کے دوروں کا انتظام کرتی ہے تاکہ بچوں کو پاک فضائیہ کے بارے میں آگاہی حاصل ہو اوروہ اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں پر بجا طور پر فخر کر سکیں۔