تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 8 مئی 2018 00:40

اسلام آباد ۔ 7 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے تمام سیاسی جماعتوں اور بالخصوص اپوزیشن کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت حزب اختلاف کی سیاسی جماعتیں صرف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تنہا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ (ن) جس نے ہر شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں۔ آئندہ عام انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اگلی حکومت تشکیل دینے کے لیے آئندہ عام انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔ فاٹا اصلاحات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اہم و موثر کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ فاٹا اصلاحات کے معاملے پر اتفاق رائے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا۔