ترکی کی یونیورسٹی کے وفد کا سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا دورہ

منگل 8 مئی 2018 23:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2018ء) سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور الطنباس یونیورسٹی آف ترکی نے مشترکہ طور پر تحقیقاتی پروجیکٹس اور ایکسچینج پروگرامز میں شرکت کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے اور اس ضمن میں ایک فورم کی تشکیل بھی دی جائے گی تاکہ مستقبل میں پاکستان اور ترکی کی مختلف جامعات آپس میں تعلیم کے میدان میں تعاون کرسکیں ۔

اس بات پر رضامندی کا فیصلہ منگل کے روز الطنباس یونیورسٹی ترکی کے پروفیسر ڈاکٹر فریڈ سویرین کی قیادت میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا دورہ کرنے والے وفد نے ایس ایم آئی یو کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ سے ملاقات میں کیا گیا۔ وفد میںانوویشن اینڈ ریسرچ پروجیکٹس آفیس الطنبس یونیورسٹی کی سربراہ کیرن گیڈ کوغلو اور اسسٹنٹ پروفیسر مولا گولو بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد وفد نے سینیٹ ہال میں ’’انٹرنیشل ایکسچینج پروگرام آف ترکش ہائیر ایجوکیشن ‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے سیمینار میں شرکت کی۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کی جامعات کو تعلیم کے میدان میں ایک دوسرے سے تعاون کرنے کیلئے ایک فورم قائم کیا جائے گا۔ اور اس مقصد کیلئے ایک کانفرنس قائم منعقد کی جائے گی جس طرح ہم نے چین اور پاکستان کی جامعات کو ایک ساتھ تعاون کیلئے 2016 میں سندھ ہینان فورم کا انعقاد کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ترکشن جامعات کیساتھ طالبعلموں کیلئے لیڈرشپ پروگرام تیار کریں گے تاکہ دونوں جامعات کے طالبعلم اس سے فائدہ اٹھاسکیں۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر فریڈ سویرین نے کہا کہ وہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے ساتھ ماحولیات ، انرجی اور دیگر شعبہ جات میںتحقیق کے حوالے سے تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ تعاون مستقبل میں قائم رہے تاکہ دونوں ممالک کی جامعات تعلیم کے میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔وفد کو سندھ مدرسہ یونیورسٹی کی شیلڈ پیش کی گئی جبکہ آخر میں انہوں نے جناح میوزم کا بھی دورہ کیا ۔