سانحہ کوئٹہ کوئلہ کان حادثہ میں جاں بحق کان کنوں کو خصوصی پیکج دیا جائے‘حاجی سدید الرحمان

منگل 8 مئی 2018 23:46

ا لپوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی شانگلہ کے امیدوار برائے قومی اسمبلی حاجی سدید الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کوئلہ کان حادثہ میں جاں بحق کان کنوں کو خصوصی پیکج دیا جائے،وزیر اعلیٰ کے بیان کی مذمت کرتے ہیں، یہ بیان زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے،کوئلہ کان حادثات حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے رونما ہورہے ہیں، وہ منگل کے روزالپوری میں مقامی صحافیوں کیساتھ سے بات چیت کررہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ کان کنوںکو تحفظ یقینی بنایا جائے اور اگرمعقول معاوضہ نہ دیا گیا تو عوامی نیشنل پارٹی احتجاجی تحریک شروع کردے گی۔ لواحقین کیساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں۔رواں سال کئی ایسے حادثے رونمائ ہوئے جن میں سے ہر ایک میں شانگلہ کے غریب محنت کش لقمہ اجل بن گئے،کوئلہ کان میں محنت کشوں کے کام پر جانے سے پہلی اس کی متعلقہ ٹیم معائنہ کرنے کے بعد کام پر جانے کی اجازت دینے کا واضح طریقہ کار بنایا جائے، واقعات کے مذمتوں کے بجائے غمزدہ خاندان کی مالی مدد کی جائی- حاجی سدید الرحمان نے مزید کہا کہ گزشتہ روز کوئٹہ کوئلہ کان میں تاریخ ساز سانحے نے شانگلہ کے عوام کو لرزکر رکھ دیا ہے ، عوامی نیشنل پارٹی لواحقین کے ساتھ اس دکھ درد کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں ، ایسے واقعات نہایت افسوس ناک ہوتے ہیں ، ایک ہی گا?ں کے درجنوں اور ایک ہی گھر کے دو ، دو افراد جان بحق ہوتے ہیں جو کہ انسانی ذہنوں پر انتہائی افسردگی پھیلاتی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس طرح کے حادثوں میں جان بحق افراد کے لواحقین کیلئے خصوصی پیکج منظور کریں ، کوئی واضح پالیسی تشکیل دیں ، مجبوراً محنت کش کوئلہ کے کالے کانوں میں سینکڑوں میٹر اندر جاکر اپنے اہل و عیال کیلئے روزی کماتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اس حوالے سے بیان کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ، صوبے کے چیف ایگزیکٹیو کو ایسے بیانات زیب نہیں دیتے،تبدیلی کی نام نہاد دعویداروں کی ان مشکل حالات میں شانگلہ سے بے رخی ان کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔۔