کوئٹہ،عوام پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو مسلط کرنا عوام دشمنی کے مترادف ہے، احمد خان لونی

آر ۔ ای ۔ ڈی انتہائی سستی اور اناہلی کا مظاہرہ کررہی ہے،کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کو جلد مکمل کریں، ضلعی سیکرٹری پشتونخواملی عوامی پارٹی

منگل 8 مئی 2018 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2018ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ضلعی سیکرٹری ڈسٹرکٹ کونسل کے رکن احمد خان لونی ،سینئرمعاون ملک فقیر مرغزانی ، ضلعی معاونین ڈاکٹر ستار خجک ، ملک سرور مرغزانی ، نور احمد شاہ خجک ، عالم مرغزانی ، طارق دہپال نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سبی کے عوام پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو مسلط کرنا عوام دشمنی کے مترادف ہے ،پشتونخوامیپ کی اراکین اسمبلی محترمہ معصومہ حیات اور محترمہ عارفہ صدیق کے 2013-14سالانہ فنڈز سے سبی کے عوام کیلئے بجلی کے کھمبوں اورٹرانسفارمرز کی تنصیب کے کام کو رمضان المبارک سے قبل ہی مکمل کیا جائیں تاکہ ماہ رمضان میں عوام اورصارفین سبی کی شدید گرمی میں مشکلات سے بچ سکیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ نے عوام دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے سبی کے غیور عوام کیلئے بجلی کے منصوبوں کی فراہمی کیں اور مختلف کلیوں میں پارٹی کی اراکین اسمبلی محترمہ معصومہ حیات اور عارفہ صدیق کے فنڈز سے بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کا کا م اب جاکر شروع ہوا جو کہ پہلے ہی کافی دیر ہوچکی ہے ایسے میں رمضان المبارک سے قبل ہی اگر کھمبوں اور ٹرانسفامرز کی تنصیب مکمل ہوجائیںتو عوام کو وولٹیج کی کمی اور لوڈشیڈنگ کے مسائل سے کافی حد تک نجات حاصل ہوگی ۔

(جاری ہے)

لیکن یہ امر قابل مذمت ہے کہ کیسکو کی شاخ آر ۔ ای ۔ ڈی انتہائی سستی اور اناہلی کا مظاہرہ کررہی ہے جس سے ظاہر یہ ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ بروقت مکمل نہیں ہوسکے گا ۔ لہٰذا کیسکو کے اعلیٰ حکام اپنی آر ۔ ای ۔ ڈی کے برانچ کے افیسران واہلکاروں کو سختی سے پابندبنائیں کہ وہ کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کو جلد از جلد مکمل کریں۔