افغانستان کیخلاف ٹیسٹ کیلئے راہانے بھارت کے کپتان مقرر

ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کی جگہ اجنکیا راہانے کریں گے افغانستان اور بھارت کے درمیان واحد ٹیسٹ 14 سے 18 جون تک بنگلور میں کھیلا جائے گا

بدھ 9 مئی 2018 14:33

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2018ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا نے آئندہ ماہ افغانستان کے خلاف شیڈول واحد ٹیسٹ میچ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اور ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کی جگہ اجنکیا راہانے کریں گے۔افغانستان اور بھارت کے درمیان واحد ٹیسٹ 14 سے 18 جون تک بنگلور میں کھیلا جائے گا جو افغانستان کا انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلا ٹیسٹ ہو گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گزشتہ سال جون میں افغانستان کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا درجہ دیا تھا اور اب وہ آئندہ ماہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرے گی۔بھارت نے ٹیسٹ میچ کے لیے ویرات کوہلی، جسپریت بمراہ، روہت شرما اور بھنشور کمار کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ کوہلی، بمراہ اور بھونیشور کمار کو آرام کرایا گیا ہے جبکہ خراب کارکردگی پر روہت شرما ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔

(جاری ہے)

اعلان کردہ بھارتی اسکواڈ کے کپتان اجنکیا راہانے ہیں جبکہ بقیہ اسکواڈ شیکھر دھاون، مرلی وجے، لوکیش راہل، چتیشور پجارا، کرن نائر، وردھیمان ساہا، روی چندرن ایشون، رویندرا جدیجا، کلدیپ یادو، اٴْمیش یادو، محمد شامی، ہردک پانڈیا، ایشانت شرما اور شردل ٹھاکر پر مشتمل ہے۔بی سی سی آئی نے اس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے خلاف شیڈول ون ڈے، ٹی20 اور آئرلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے الگ الگ سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔

نوجوان کھلاڑی لوکیش راہل، شریاس آئیر اور امبتی رائیڈو سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے جہاں ان تینوں کھلاڑیوں کو رواں انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے۔بھارتی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر تین ایک روزہ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی جبکہ آئرلینڈ کے خلاف بھی تین ٹی20 میچوں کی سیریز شیڈول ہے۔

اعلان کردہ ون ڈے اسکواڈ کپتان ویرات کوہلی، شیکھر دھاون، روہت شرما، لوکیش راہل، شریاس آئیر، امبتی رائیڈو، مہندرا سنگھ دھونی، یزویندر چاہل، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ، ہردک پانڈیا، سدہارتھ کول، اٴْمیش یادو، شردٴْل ٹھاکر اور بھوونیشور کمار پر مشتمل ہے۔انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف اعلان کردہ ٹی20 اسکواڈ میں کپتان ویرات کوہلی، شیکھر دھاون، روہت شرما، لوکیش راہل، سریش رائنا، منیش پانڈے، مہندرا سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، یزویندر چاہل، کلدیپ یادو، واشنگٹن سندر، بھوونیشور کمار، جسپریت بمراہ، ہردک پانڈیا، سدہارتھ کول اور اٴْمیش یادو شامل ہیں۔