شیخ الجامعہ مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید الجھاؤ کی جانب گامزن ہیں، وسیم آفتاب

جمعرات 10 مئی 2018 18:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے وائس چیئرمین وسیم آٖفتاب جامعہ کراچی کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے یہاں روزانہ کی بنیاد پر اساتذہ، افسران و ملازمین کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ شیخ الجامعہ مسائل کو حل کرنے کے بجائے مزید الجھاؤ کی جانب گامزن ہیں اور اساتذہ و ملازمین کو ان کے جائز مراعات دینے کے بجائے سیکیورٹی جیسے انتہائی حساس شعبہ میں سیاسی بنیادوں پر اور اقراباء پروری کا بازار گرم ہے اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو بھرتی کرنے کے بجائے اپنے نورنظر افراد کو نوکریاں بیچی جارہی ہیں۔

جبکہ شارٹ لسٹ ہونے کے بعد اپنے لوگوں کو نوازنے کیلئے اس میں مزید اضافہ کیا گیا اور جواز بناتے ہوئے ان کا دوبارہ نفسیاتی ٹیسٹ منعقد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

نیز انتظامیہ اپنی بد انتظامی کی وجہ سے سینٹ کا اجلاس بھی منعقد نہ کروا سکی جس میں جامعہ کراچی کا سالانہ بجٹ بھی منظور ہو نا تھا۔ یہ امر بھی توجہ کا طالب ہے کہ اس سال گزشتہ دہائی کے مد مقابل انتظامیہ کی ایڈمیشن پالیسی انتہائی ناقص ثابت ہوئی جس کی وجہ سے داخلوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

جس کے سبب کراچی کے ہزاروں طلباء و طالبات اپنے بنیادی تعلیمی حق سے محروم رہ گئے۔ شیخ الجامعہ کی نا اہلی کی وجہ سے ہی ہائز ایجوکیشن کمیشن نے جامعہ کراچی کو دی جانے والی گرانٹ میں کمی کی جس کا خمیازہ جناب شیخ الجامعہ اساتذہ، افسران و ملازمین کی جائزمراعات میں کٹوتی کر کے پورا کرنا چاہتے ہیں جو کہ سراسر اساتذہ، افسران و ملازمین جامعہ کا معاشی قتل ہے۔

جبکہ انتظامیہ جامعہ کراچی اساتذہ، افسران وملازمین کے حق میں اٹھنے والی ہر آواز اپنے ظلم و جبر سے مٹانے یا دبانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔ اپنے نور نظر افراد کوخلاف قانون ترقیاں دینا اور اعلی عہدوں سے نوازنا انتظامیہ جامعہ کراچی کا خاصہ بن چُکا ہے۔ جس کی بد ترین مثال حالیہ سینڈیکٹ میں اپنی زوجہ کو سینئر اساتذہ کرام کی موجودگی میں پری پول بارگیننگ کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے مزید ۳ سال کے لئے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ڈائریکٹر مقرر کردیا جبکہ وہ پہلے سے ہی گذشتہ ۶ سالوں سے اپنے شعبہ کی غیر قانونی ڈائریکٹر تھیں۔ انہوںنے کہاکہ استاتذہ اور ملازمین کیساتھ ہونے والی انصافی اور زیادتی کے خلاف پی ایس پی بھرپور احتجاج کریں گی

متعلقہ عنوان :