پہلی مرتبہ فوک سٹوڈیوز پرفارمنس پر مبنی مقابلوں کا انعقاد کرایا گیا ہے ،ڈائریکٹر آرٹس کونسل

جمعرات 10 مئی 2018 22:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2018ء) صوبہ پنجاب کی ثقافت کا عکاس پنجاب کونسلز دی آرٹس گرینڈ فنالے گیارہ مئی کو راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد ہو گا - ایڈیشنل سیکرٹری کلچر پنجاب ثمن رائے کی زیر نگرانی صوبائی تہذیب وثقافت کے فروغ , صوبے کے لوک فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر پنجاب کے ثقافتی رنگ متعارف کرانے کے لئے رنگا رنگ تقریب میں پنجاب کی تمام آرٹس کونسلوں کے علاقائی مقابلوں میں سرفہرست رہنے والے لوک فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے - ریذیڈنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ فوک سٹوڈیوز پرفارمنس پر مبنی مقابلوں کا انعقاد کرایا گیا ہے -جس میں صوبے کی 9- آرٹس کونسلوں کی طرف سے کثیر تعداد میں لوک فنکاروں نے شرکت کی اور اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے داد حاصل کی - انہو ںنے کہا کہ پنجاب کونسلز آف دی آرٹس گرینڈ فنالے میں ادبی, ثقافتی اور فنون لطیفہ کی نمایاں شخصیات کے علاوہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شرکت کریں گے - وقار احمد نے بتایا کہ گرینڈ فنالے کے لئے راولپنڈی آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم اور سبزہ زار پر وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں -ان تقریبات کا آغاز سہہ پہر 3- بجے شروع ہو گا اور پنجاب کے مایہ ناز لوک فنکار اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے -

متعلقہ عنوان :