رمضان المبارک کی آمد آمد ، چکن کو پر لگ گئے

سوشل میڈیا صارفین نے بائیکاٹ چکن مہم کا آغاز کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 11 مئی 2018 13:10

رمضان المبارک کی آمد آمد ، چکن کو پر لگ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) : رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔کراچی میں چکن کے ریٹ نے ٹرپل سنچری کر لی جبکہ لاہور میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمت 300 کا ہندسہ چھُونے کو تیار ہے۔ عام دنوں میں ڈیڑھ سو سے دو سو روپے میں فروخت ہونے والے چکن کی قیمت 320 روپے تک جا پہنچی ہے۔ یہ سب دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے چکن کا بائیکاٹ کرنے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

پولٹری مافیا کو شکست دینے کے لیے سوشل میڈیا صارفین نے تین دن کے لیے چکن کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے مطالبہ کیا کہ 17 سے 19 مئی تک شہری چکن نہ خریدیں تاکہ مرغی سستی کروائی جا سکے۔
کچھ صارفین نے کہا کہ رمضان المبارک کا انتظار کرنے کی بجائے آج ہی سے چکن کا بائیکاٹ کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

شہریوں کا کہنا ہے کہ بیمار مرغی اور وہ بھی اتنی مہنگی ، ہیپاٹائٹس ، کینسر اور فالج جیسی بیماریاں ایسی ہی مرغی کھانے سے پھیلتی ہیں، ایک شہری کا کہنا تھا کہ ایسا گوشت کھانے سے تو بہتر ہے کہ ہم کچھ اور کھا لیں۔
کئی شہریوں نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اس مہم کی حمایت بھی کی
جبکہ کئی شہریوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو مرغی کے گوشت کی قیمت میں اس قدر اضافے کا نوٹس لینا چاہئیے، صارفین کا کہنا ہے کہ ہم سب کو مل کر اس مہم کو کامیاب بنانا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال بھی رمضان المبارک میں مہنگے پھلوں کے خلاف مہم چلائی گئی تھی جو کامیاب رہی اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔