میرپورخاص میں 3 روزہ آموں اور موسمی پھلوں کا سالانہ فیسٹیول8سے 10جون تک منعقد کیا جائیگا

جمعہ 11 مئی 2018 14:28

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) میرپورخاص میں 3 روزہ آموں اور موسمی پھلوں کا سالانہ فیسٹیول8سے 10جون تک منعقد کیا جائیگا،اس بات کا اعلان چیئرمین عمر بگھیو نے فروٹ فارم میں مینگو فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا،اجلاس میں تنویر گوندل،گہرام بلوچ،امین میمن،محمد خان اور متعلقہ ممبران وافسران نے شرکت کی، اس موقع پر53ویں مینگو فیسٹیول کے چیئرمین عمر بگھیو نے کہا کہ فیسٹیول کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے بہتر انتظامات کیے جائیں گے ،مینگو فیسٹیول کے ذریعے کاشتکاروں کو اپنے آم کی اقسام بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے کا موقع فراہم ہوتا ہے ،اس موقع پرکاشتکاروں کو آموں کی کاشت کے حوالے سے جدیدطریقے سے آگاہ بھی کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ مینگوفیسٹیول کو زیادہ سے زیادہ کامیاب کرنے کیلئے بھرپورکوششیں کی جارہی ہیں جس کیلئے سب کو مل کر کوشش کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ عوام بالخصوص خواتین اور بچوں کی تفریح کیلئے مینگو فیسٹیول کے دوران خواتین کا مینا بازار اورکھیلوں کے مقابلوں کابھی انعقاد کیا جائے گا، اجلاس میں مینگو فیسٹیول کے دوران صفائی ستھرائی،فل پروف سیکیورٹی انتظامات، بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور دیگر امورپر بھی غور وخوص کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :