جہلم میں خادم اعلیٰ پنجاب کا پروٹوکول قیمتی انسانی جان نگل گیا

شہباز شریف کی آمد کے باعث مریضوں کا چیک اپ بند کر دیا گیا، مریضہ نے تڑپ تڑپ کر اپنی جان دے دی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 11 مئی 2018 21:48

جہلم میں خادم اعلیٰ پنجاب کا پروٹوکول قیمتی انسانی جان نگل گیا
جہلم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار - 11 مئی 2018ء ) :جہلم میں خادم اعلیٰ شہباز شریف کا پروٹوکول ایک انسانی جان نگل گیا۔ شہباز شریف کی آمد کے باعث مریضوں کا چیک اپ بند کر دیا گیا، مریضہ نے تڑپ تڑپ کر اپنی جان دے دی۔تفصیلات کے مطابق ہر سیاستدان جب اقتدار میں آنا چاہ رہا ہوتا ہے تو وہ عوام کے دل موہنے کے لیے پروٹوکو ل نہ لینے کے ہرے باغ عوام کو دکھاتا ہے مگر جیسے ہی اقتدار کی مسند قدموں تلے آ جاتی ہے تو وہی پروٹوکول کی نفی کرنے والا سیاستدان بادشاہ سلامت کی طرح 30یا 40گاڑیوں کے ہجوم میں عوام کے سامنے دندناتا پھرتا ہے۔

پروٹوکول ہمارے ہاں ایک ایسا مسئلہ بن چکا ہے جس کے بہت سے نقصانات عام شہریوں کو اٹھانے پڑتے ہیں ۔اکثر پروٹوکول کے باعث منظر عام پر آنے والے افسوسناک واقعات میڈیا اور خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں مگر اس کے باوجود ہمارے سیاستدانوں اور لیڈران کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔

(جاری ہے)

ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ جہلم میں پیش آیا جہاں جہلم میں خادم اعلیٰ پنجاب کا پروٹوکول قیمتی انسانی جان نگل گیا۔

چکوہا تحصیل دینہ میں ہسپتال کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی آمد کی وجہ سے مریضوں کے لیے بند کر دیا گیا۔اسی اثنا میں ایک خاتون کو سنجیدہ حالت میں ہسپتال میں لایا گیا لیکن ہسپتال انتظامیہ نے اسے داخل کرنے سے انکار کر دیا جس پر مریضہ نے وہیں تڑپ تڑپ کر جان دے دی جس پر میت کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور میت واپس لے جانے سے انکار کر دیا جس پر ہسپتال کی انتظامیہ نے میت کو زبردستی ایمبولینس میں ڈال دی اور لواحقین کو دھکے مار کر نکال دیا۔جس پر لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے حکام بالا سے اس انسانیت سوز سلوک پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔لواحقین کا کہنا تھا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔