سابق ہاکی اولمپیئن منصور احمد کی حالت پھر بگڑ گئی

انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل ،ہارٹ لنگز مشین لگا دی گئی

ہفتہ 12 مئی 2018 13:18

سابق ہاکی اولمپیئن منصور احمد کی حالت پھر بگڑ گئی
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12مئی 2018ء) سابق ہاکی اولمپیئن منصور احمد کی حالت پھر بگڑ گئی،انہیں دل کی مخصوص مشین 'ہارٹ لنگز مشین' لگا دی گئی ہے ۔49 سالہ عالمی شہرت یافتہ گول کیپر منصور احمد گزشتہ کئی ماہ سے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں زیر علاج ہیں،ان کا دل صرف 20 فیصد کام کر رہا ہے اور ان کے دل میں 7 اسٹنٹس ڈالے جا چکے ہیں جب کہ گردوں اور پھیپھڑوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ہے جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں ہارٹ ٹرانسپلانٹ (دل کی پیوندکاری) کا مشورہ دے رکھا ہے۔

آج صبح منصور احمد کی حالت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں وارڈ سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کردیا گیا اور ہارٹ لنگز مشین لگا دی گئی،ذرائع کے مطابق منصور احمد کو ڈائریا کی بھی شکایت ہوئی تھی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ منصور احمد نے دل کے ٹرانسپلانٹ کے لیے بھارت سے علاج میں مدد کی اپیل کی تھی جس کے بعد منصور احمد کو پاکستان میں ہی نئی تکنیک ”ایل وی اے ڈی“ کے ذریعے مکینیکل ڈیوائس لگوانے کی پیشکش کی گئی، اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان مریضوں کو مکینیکل ڈیوائس لگائی جاتی ہے، جن کے دل کے دائیں یا بائیں پٹھے ناکارہ ہوگئے ہوںتاہم سابق گول کیپر نے پاکستان میں دل کا آپریشن کروانے سے انکار کردیا تھا۔

منصور احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دل کی تبدیلی کے علاج میں 6 مہینے سے ایک سال کا عرصہ لگے گا، لہذا وہ دل کا آپریشن بھارت میں کرانا چاہتے ہیں،کئی ممالک میں دل کی پیوندکاری ہوتی ہے، لیکن بھارتی شہر چنائے میں علاج کی بہتر سہولیات دستیاب ہیں۔واضح رہے کہ منصور احمد پاکستان کے لیے 338 انٹرنیشنل ہاکی میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے 1986ءسے 2000 ءکے دوران اپنے کیریئر میں 3 اولمپکس اور کئی ہائی پروفائل ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔منصور احمد ہی وہ کھلاڑی ہیں، جنہوں نے 24 سال قبل پاکستان کو چوتھی مرتبہ ہاکی کا عالمی چیمپیئن بنایا تھا۔