ڈی پی او قصور کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے میٹنگ کا انعقاد

ہفتہ 12 مئی 2018 21:08

قصور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) ڈی پی او آفس قصور میں رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جا ئزہ لینے کے حوالے سے ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت کی زیر صدارت ایس ایچ اوزاور انچارج چوکیات کیساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔میٹنگ میں ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ ،ڈی ایس پی سٹی حافظ سعید احمد،ڈی ایس پی صدر ناصر محمود باجوہ، ڈی ایس پی پتوکی علی اختر انصاری ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محمد شکیل، ڈی ایس پی ٹریفک رئیس احمد ودیگر پولیس افسران نے شرکت کی ۔

میٹنگ کے دوران ڈی پی اوقصور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گاکسی قسم کی سستی اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،انہوںنے کہا ضلع قصورمیں مختلف مقامات پر 12 رمضان بازار اور 57مدنی دستر خوان لگائے جا رہے ہیںجن کی فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے ضلعی پولیس کی بھاری نفری کیساتھ ساتھ ایلیٹ کی سپیشل ٹیمیں ،محافظ فورس،ٹریفک پولیس کی زیادہ سے زیادہ نفری تعینا ت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سکیورٹی کے پیش نظر رمضان بازاروں کے ساتھ ہی مناسب جگہ پر پارکنگ کا بندوبست کیا جائے گا۔رمضان المبارک کے دوران ڈی سی او اور ڈی پی او آفس میں کنڑول روم قائم کیے جارہے ہیں تا کہ ایمرجنسی کی صورت میں مناسب کاروائی عمل میں لائی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام انٹری /ایگزٹ مقامات پر ناکہ جات لگائے جا ئیں گے ایس ڈی پی اوز بھاری نفری کے ہمراہ فلیگ مارچ ،سرچ اینڈ سویپ آپریشن کریں گے ہوٹل سرائے کو چیک کریں گے تاکہ امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں زیادہ سے زیادہ مساجدپر نماز فجر اور نماز تراویح سمیت تمام نمازوں کے اوقات میں پولیس کی زیادہ سے زیادہ نفری تعینا ت کی جائے گی اس کے علاوہ ان اوقات میں محافظ فورس کی گشت کو فعال بنایا جائے گا ۔

انہوں نے مزید ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقہ کے علماء اکرام،امن کمیٹی کے ممبران ،تاجر حضرات اور مساجد کی کمیٹیوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیساتھ ملکر سکیورٹی کا مربوط نظام مرتب کریںاور کمیونٹی پولیسنگ کے پیش نظر ان کا بھر پور تعاون حاصل کریں ۔ اس کے ساتھ ساتھ لائوڈ سپیکرایکٹ ،اسلحہ کی نمائش ،ہوائی فائرنگ اور احترام رمضان آرڈیننس پر عملدرآمدکویقینی بنایا جائے ۔