گندم کی سرکاری خریداری مہم کو شفاف رکھنے کے لئے جدید ترین کمپیوٹرٹیکنالوجی کوبروئے کار لایاجارہا ہے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 12 مئی 2018 23:24

فیصل آباد۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ گندم کی سرکاری خریداری مہم کو شفاف رکھنے کے لئے جدید ترین کمپیوٹرٹیکنالوجی کوبروئے کار لایاجارہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کا احتمال باقی نہ رہے۔انہوں نے یہ بات ضلع کے مختلف علاقوں میں گندم کے خریداری مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے بتائی۔

سی پی او اطہر اسماعیل بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر(صدر)صولت حیات وٹو ودیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرنے سنٹرز پر کاشتکاروں کی سہولت کے لئے انتظامات کو چیک کرتے ہوئے سٹاف کوہدایت کی کہ حکومت کی طے شدہ پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔اس ضمن میں کسی قسم کی خلاف ورزی کی قطعاً گنجائش نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے گندم کے سٹاک کے انتظامات کابھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ گوداموں میں تمام تر حفاظتی واحتیاطی اقدامات کومدنظر رکھیں۔

انہوں نے خریدی گئی گندم کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور موقع پر آلہ کی مدد سے گندم میں نمی کے تناسب کو چیک کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود کاشتکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے انتظامات سے متعلق دریافت کرتے ہوئے بتایا کہ باردانہ کی تقسیم کے نظام کو جدید تقاضوںسے ہم آہنگ کیا گیا ہے لہذا کسی کاشتکار کی حق تلفی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ کاشتکاروں کی آسانی کا خیال رکھیںاورگندم کی خریداری کے تمام نظام کو شکایات سے پاک رکھیں۔

انہوں نے تیزرفتاری سے کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو انتظاروقطار کی زحمت سے بچایا جائے انہوں نے ریکارڈ کو منظم انداز میں مرتب کرنے کی ہدایت کی۔سی پی اواطہر اسماعیل نے سنٹرز پر سیکورٹی ڈیوٹی چیک کی اور پولیس ملازمین کو چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نظم وضبط برقرار رکھنے کے علاوہ مشکوک افراد کو بھی چیک کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :