پنجاب کا آئندہ مالی سال کے پہلے تین ماہ کیلئے بجٹ 14مئی کو پیش کیا جائیگا

175ارب کے لگ بھگ حجم کے بجٹ کی ضمنی گرانٹ کی شکل میں منظوری لی جائے گی‘ ذرائع

ہفتہ 12 مئی 2018 23:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) پنجاب کا آئندہ مالی سال کے پہلے تین ماہ کیلئے بجٹ 14مئی کو پیش کیا جائے گا جس کے لئے اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے تیاریاں جاری ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا مکمل بجٹ تیار ہے تاہم مشاورت کے بعد آئندہ مالی سال کے پہلے تین ماہ کے اخراجات جاریہ کابجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔

175ارب کے لگ بھگ حجم کے بجٹ کی پنجاب اسمبلی سے ضمنی گرانٹ کی شکل میں منظوری لی جائے گی ۔

(جاری ہے)

یکم جولائی سے 31اکتوبر تک کے اخراجات جاریہ میںسرکاری ملازمین کی تنخواہوں،پنشن،یوٹیلٹی بلز ،قرضوں اور سود کی ادائیگی پر مشتمل ہوں گے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ بجٹ دستاویز کی دو کتابیں چھاپی جارہی ہیں جس میں ایک رواں مالی سال 2017-18کے ضمنی بجٹ اور دوسری کتاب رواں مالی سال کے نظر ثانی شدہ اعدادوشمار پر مشتمل ہو گی ۔انتخابات کے بعد نئی قائم ہونے والی آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تیار کرے گی جس میں پہلی سہ ماہی کے اخراجات کو بھی بجٹ کاحصہ بنایا جائے گا۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر کی سہ پہر تین بجے طلب کر رکھا ہے۔