ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے 50 ممالک کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ جاری

جی سی یونیورسٹی، قائدِ اعظم یونیورسٹی سمیت پاکستان کی صرف 10درسگاہیں عالمی رینکنگ میں شامل

اتوار 13 مئی 2018 16:20

لاہور۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے ابھرتی ہوئی معیشت قرار دیئے جانے والے 50ممالک کی یونیورسٹیوں کی رینکنگ جاری کر دی،جی سی یونیورسٹی لاہور سمیت پاکستان کی 10درسگاہیں ایشیا ء کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے دوسری مرتبہ جی سی یونیورسٹی کو عالمی رینکنگ میں شامل کیا گیاہے جس کی وجہ یونیورسٹی کے تحقیقی مقالوں اور پی ایچ ڈی فیکلٹی میں اضافہ ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جی سی یونیورسٹی لاہور کو ایشیا کی بہترین چارسو یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیاتھا،ابھرتی معیشت قرار دیئے جانے والے 50 ممالک کی یونیورسٹیوں میں جی سی یو نیورسٹی لاہورکی رینکنگ 351 پلس ہے جبکہ قائدِ اعظم یونیورسٹی سمیت پاکستان کی 10یونیورسٹیاں اس رینکنگ میں شامل ہیں،جی سی یونیورسٹی کو سب سے زیادہ پوائنٹس انٹر نیشنل آئوٹ لک کے ملے ہیں،اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ 2019ء میں جی سی یو کی رینکنگ مزید بہتر ہوگی،ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہم اپنے فیس سٹرکچر میں اضافہ کئے بغیر اپنے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں،حکومت سے درخواست ہے کہ وہ یونیورسٹی کو فنڈ فراہم کرے تاکہ یہ تاریخی ادارہ عالمی سطح پربھی ملک کا نام روشن کر سکے۔

متعلقہ عنوان :