رمضان کامہینہ پسے ہوئے طبقہ کی غربت اور تنگ دستی میں ان کا سہارا بننے کا درس دیتاہے ‘امیر العظیم

کوئی حکومت بھی اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کر سکی نہ غربت ، جہالت اور مہنگائی کے خاتمے کے دعوئوں کو عمل شکل دے سکی

اتوار 13 مئی 2018 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان امیر العظیم نے کہاہے کہ رمضان پاکستان کی سالگرہ کا مہینہ ہے ،اللہ تعالیٰ نے 27 رمضان کی بابرکت رات ہمیں یہ ملک عطا کیا ، رمضان معاشرے میں موجود ، غربا ، یتیموں ، بے وائوں اور مسکینوں کی مدد کا مہینہ ہے اور یہ مہینہ پسے ہوئے طبقہ کی غربت اور تنگ دستی میں ان کا سہارا بننے کا درس دیتاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر ٹائون کے مقامی شادی ہال میں منعقدہ استقبال رمضان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے جماعت اسلامی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل وقاص جعفری و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔امیر العظیم نے کہاکہ رمضان کریم دراصل اللہ کی بندگی کے ساتھ ساتھ اس کے مستحق بندوں کا خیال رکھنے اور باہمی اخوت و محبت اور احسان کی فضا کو فروغ دینے کا ردس دیتاہے ۔

(جاری ہے)

عوام کی فلاح اور خدمت کا اسلام سے بڑھ کر کسی دوسرے مذہب نے حکم نہیں دیا ۔ قرآن و حدیث ہمیں معاشرتی ، معاشی اور اخلاقی برائیوں کے خاتمے کا حکم دیتاہے اور غربت اور افلاس ان برائیوں کے پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومتیں عوام کو تعلیم ، صحت ، چھت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں دینے میں ناکام رہی ہے ۔ کوئی حکومت بھی اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کر سکی نہ غربت ، جہالت اور مہنگائی کے خاتمے کے دعوئوں کو عمل شکل دے سکی۔ انہوںنے کہاکہ جب حکومتیں ڈلیور کرنے میں ناکام ہوں تو پھر معاشرے کے اہل خیر لوگوں کو آگے بڑھ کر ان مسائل کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کرناچاہیے۔