تعلیم معاشرے کی اہم ترین اور بنیادی ضرورت ہے، این ٹی ایس کے ذریعے اساتذہ کی بھرتی سے تعلیمی شعبے میں مزید بہتری آئیگی، راجہ مشتاق احمد منہاس

اتوار 13 مئی 2018 20:00

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات،آئی ٹی و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ تعلیم معاشرے کی اہم ترین اور بنیادی ضرورت ہے، حکومت بجٹ کا ایک بڑا حصہ تعلیم پر صرف کر رہی ہے، این ٹی ایس کے ذریعے اساتذہ کی بھرتی سے تعلیمی شعبے میں مزید بہتری آئیگی، پرائیویٹ تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے بہترین نتائج مل سکتے ہیں۔

پرائیویٹ تعلیمی ادارے ہنرمندی کی بھی تعلیم دیں اس سے بیروزگاری کی شرح کم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار آزادجموں وکشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے نومنتخب ممبران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد اقبال،جنرل سیکرٹری خالد کھوکھر،ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد حسین منہاس،انفارمیشن افسر قرة العین ایسوسی ایشن کے ارکان موجود تھے۔

وزیر اطلاعات نے نومنتخب باڈی سے حلف بھی لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی سربراہی میں قائم حکومت نے تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران کئی سکولوں کی عمارتیں تعمیر کی گئیں جبکہ این ٹی ایس کا نفاذ کر کے اساتذہ کی بھرتی سے ایسا نظام وضع کیا گیا ہے جس سے متعلقہ شعبے کیلئے بہترین امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں اب ہر ضلع میں پرائیویٹ سکول اور کالج بھی معیاری تعلیم کے فروغ میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے تجویز دی کہ اگر پرائیویٹ سکول و کالجز بھی فنی اور پیشہ وارانہ تعلیم پر توجہ مرکوز کریں اور اس اہم شعبہ پر خاص توجہ دیں تو اس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح نئی نسل کو ملک کا کارآمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے تعلیم کے شعبے میں انتقامی تبادلوں کا تاریک باب ختم کر دیا ہے،ہم معاشرے کی مساوی ترقی کے حامی ہیں اور اس اہم مقصد کیلیے سب کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔اس سے پہلے جب وزیر اطلاعات تقریب میں پہنچے تو ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔