لہڑی، محکمہ صحت میں حالیہ بھرتیاں میرٹ کی دھجیاں اُڑا کر اقربا پروری کی نذرکی گئیں، جلال خان خجک کا الزام

انٹرویو اور ٹیسٹ میں اول نمبر آنے والوں کو بائی پاس کرکے اپنے من پسند افراد سے رشوت لے کر بھرتیاں کی گئیں،پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی

اتوار 13 مئی 2018 20:31

لہڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) محکمہ صحت میں حالیہ بھرتیاں میرٹ کی دھجیاں اُڑا دی گئی ہیں،رشوت لے کر بھرتیاں کی گئی ہیں حقداروں کو سرکاری ملازمتوں سے محروم کردیاگیا ہے ان خیالات کا اظہار پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما جلال خان خجک محمد یوسف لاشاری،تجمل لونی،انعام الحق،رزاق لغاری،غزالہ کنول،عائشہ خلیل،بانو ارباب ،عائشہ اقبال اور دیگر نے پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکڑ جلال خان خجک اور دیگر نے کہاکہ محکمہ صحت میں ہونے والی حالیہ بھرتیاں اقربا پروری کی نذر ہوگئیں ہیں ،انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انٹرویو اور ٹیسٹ میں اول نمبر آنے والوں کو بائی پاس کرکے اپنے من پسند افراد سے رشوت لے کر بھرتیاں کی گئیں ہیں ،انہوں نے کہاکہ 8نومبر2014کو مشتہر ہونے والی خالی آسامیوں پر انٹرویو اورٹیسٹ دیئے چار سال بعد جب آرڈر ہوئے تو غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں ہم امیدواروں نے مختلف پوسٹوں پر ہیلتھ انسپکٹر، ڈسپنسر ،ایل ایچ وی ،ایکسرے ٹیکنشن ،ایکسرے اسسٹنٹ اور دیگر خالی آسامیوںپر نااہل لوگوں کو بھریتاں کرکے قابل اور امیدواروں کے حقوق پر ڈاکہ زنی کی گئی ہے ،انہوں نے کہاکہ ہم نے چار سال انتظار کیا اور اب اوور ایج ہورہے ہیں کافی امیدواروں کی عمریں بھی گزرچکی ہیں ،ایک جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کرپشن اور لوٹ مار کیخلاف باتیں کرتے ہیں اور دوسری جانب اُن کے حکومتی وزیر میرٹ کی سرعام دھجیاں اُڑاتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ،چیف سکریڑی بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ محکمہ صحت میں حالیہ بھرتیوں کا فوری نوٹس لیں اور ہم غریبوں کو حق دلائیں ،ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ہمارے پاس نہ رشوت دینے کیلئے پیسے ہیں اور نہ ہی سفارش ہم کہاں جاہیں ،انہوں نے کہاکہ ہمارے جائز مطالبات اگر پورے نہ ہوئے تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے اور عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹاہیں گے ۔