کوئٹہ فائرنگ واقعے میں دو افراد کی ہلاکت سعادت محمدزئی کو اغواکرنے والوں کی فائرنگ سے ہوئی ،

ہلاک ہونیوالا ایک شخص ٹارگٹ کلر تھا،ترجمان محمدزئی قومی اتحاد

اتوار 13 مئی 2018 21:20

چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) محمدزئی قومی اتحاد کے مرکزی ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ جناح ٹان کوئٹہ میں گزشتہ روز فائرنگ کے واقعے میں دو افراد کی ہلاکت ان اغواکاروں کی گولیوں سے ہوئی جنہوں نے سردار زادہ سعادت محمدزئی کو اغوا کرنے کی کوشش کی اور ہلاک ہونے والا ایک شخص جرائم پیشہ اور ٹارگٹ کلر تھا۔ترجمان نے کہا کہ سردارزادہ سعادت محمدزئی دفتر سے گھر جارہے تھے کہ تین گاڑیوں میں25مسلح افراد نے ا نہیں اغوا کرنے کی کوشش کی جس کے دوران فائرنگ بھی کی گئی جہاں اغواکاروں کی فائرنگ سے ان کے اپنے دو ساتھی جاں بحق ہوئے جبکہ سردار زادہ سعادت محمدزئی اور ان کا گن مین زخمی ہوا جبکہ اس دوران سردارزادہ سعادت محمدزئی کا ایک 8 سالہ بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح کیا کہ سردار سعادت محمدزئی یا ان کے خاندان کا کسی سے دشمنی نہیں البتہ عبدالخالق شیرزئی، احمد شیرزئی اور سعید احمد سے تنازعہ چل رہا ہے جنہوں نے سردارزادہ سعادت محمدزئی کو پہلے کئی مرتبہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں تھیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ہمارے لیئے تمام قبائل قابل احترام ہیں کبھی کسی کو خوامخواہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں دیا اور آئندہ بھی قبائلی و اسلامی روایات کی پاسداری کریں گے کیونکہ ہم پرامن لوگ ہیں ۔

ترجمان نے اس امر پر افسوس کا ظہار کیا کہ گزشتہ روز جناح ٹان کوئٹہ میں پیش آنے والے واقعے کے متعلق مختلف غلط قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں جو کسی بھی طرح اصل واقعے کی عکاسی نہیں کرتے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام قبائل، سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقات اصل حقائق کو سمجھ کر رائے قائم کریں تاکہ کسی غلط فہمی سے بچاجاسکے۔