تمام سرکاری جامعات میں تحقیق پر مبنی علم و دانش کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

پیر 14 مئی 2018 23:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ تمام سرکاری جامعات میں تحقیق پر مبنی علم و دانش کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ تحقیق کے ذریعے ہی ڈیجیٹل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس تیز رفتار اور ترقی یافتہ دور کے جدید علوم و فنون تک رسائی کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سوموار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وائس چانسلر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی بریگیڈیئر ( ر ) محمد امین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ نوجوانوں میں تنقید شعور کو ابھارنا ، تخلیقی اذہان کوسامنے لانا اور علم و تحقیق کے میدان میں جدت لانے کے حوالے سے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ریسرچ جنرل کا کلیدی کردار ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے ہدایت کی خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کے ابھرتی ہوئے ریسرچرز کو تحقیقی مقالہ جات لکھنے کے انٹرنیشنل طریقہ کار کو روشناس کرانے اور ان کو ہر ممکن تعاون و رہنمائی فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ۔

وائس چانسلر خضدار یونیورسٹی نے گورنر کوا دارے کی کارکردگی ، پہلی دفعہ تحقیقی مجلہ کا اجراء او رمذکورہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو معاشرہ کی تعمیر و ترقی میں رہنمائی فراہم کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ گورنر نے وائس چانسلر اور ان کے فیکلٹی ممبرز کی کاوشوں کو سراہا اور ان میں مزید بہتری پیدا کرنے کی ہدایت کی ۔