علاقائی مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے،بابو گلاب

پیر 14 مئی 2018 23:42

پسنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) ضلع کونسل گوادر کے چیئرمین بابو گلاب نے کہا کہ علاقائی مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔ عوامی نمائندہ کی حیثیت سے عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتا ہوں۔ میری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔پسنی ادیبوں اور فنکاروں کی سرزمین ہے۔ انکی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ پسنی کے موقع پر ریکپشت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

ریکپشت اتحاد کے آرگنائزر بادل بلوچ نے اپنے علاقے کے مسائل سے ضلعی چیرمیں کو آگاہ کیا۔ بابو گلاب نے کہا کہ پسنی میں میرا دوسرا گھر ہے۔ یہاں کے نوجوانوں میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے اور انکی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کونسل کی ہروقت یہی کوشش ہوتی ہے کہ علاقے کے لوگوں کے بنیادی مسائل حل ہو جائیں۔

(جاری ہے)

عوامی مسائل کے حل کے لئے ہم کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کی سیاست کے بجائے ہمیں اپنے لئے اچھے عوامی نمائندے منتخب کرنا ہوگا۔ اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے سب کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پسنی کے علاقے چربندن میں بجلی کے دو ٹرانسفارمر فراہم کیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ قوم کا اثاثہ ہوتا ہے۔

انکو سیاست اور سماجی کاموں میں حصہ لینا ہوگا۔ پسنی کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے کوشش کروں گا۔ علاوہ ازیں قلی بازار کے ایک وفد نے ڈسٹرکٹ چیرمین بابو گلاب سے ملاقات کرکے اپنے علاقے کے مسائل بیان کئیے۔ ڈسٹرکٹ چیرمین نے وفد کو یقین دہائی کرایا کہ بہت جلد علاقے کا دورہ کروں گا۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ چیرمین بابو گلاب نے چربندن میں ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر شربت گل کے گھر جاکر انکی والدہ کی وفات پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ جبکہ اس موقع پر کہدہ پرویز، عمر کلانچی بھی انکے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :