ضلع ناظم کے خلاف ویلج و نیبرہڈ ناظمین کا احتجاج رنگ لے آیا، عادل اسلام نے بلدیاتی نمائندوں پر اعتماد کا اظہار کر دیا

منگل 15 مئی 2018 20:53

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2018ء) ضلع ناظم ہری پور کے خلاف ویلج و نیبرہڈ ناظمین کا احتجاج رنگ لے آیا، عادل اسلام نے ضلع بھر کے بلدیاتی نمائندوں پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل پی ٹی آئی کے ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبد الرشید کو تحریری حکم نامہ کے ذریعہ ضلع بھر کی ویلج و نیبرہڈ کونسلز میں فنڈز کے غیر ضروری استعمال پر آڈٹ کر کے رپور ٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جس پر ویلج اینڈ نیبرہڈ کونسلز ایسوسی ایشن نے ایک ہنگامی اجلاس طلب کر کے ضلع ناظم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

ناظمین کے صدر ملک فیصل اقبال خان نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ضلع ناظم سے مطالبہ کیا تھا کہ جن ویلج یا نیبرہڈ کونسلوں میں کرپشن یا غیر ضروری اخراجات اور فنڈز کے استعمال کی شکایات ہیں ان کی براہ راست نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے تاہم چند ویلج یا نیبرہڈ کونسلوں کی آڑ میں ضلع بھر کے بلدیاتی نمائندوں کو بدنام کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دے سکتے جس پر ضلع ناظم عادل اسلام نے اے ڈی لوکل گورنمنٹ کو وی سی اور این سیز کے آڈٹ سے روک کر تحریری طور پر تمام بلدیاتی نمائندوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جو ہمارے اتحاد و اتفاق کی نشانی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر آئند ہ بھی کسی ادارے یا شخصیت نے بلدیاتی نمائندوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔