سرگودھا،جوں جوں گرمی بڑھتی جا رہی ہے شہر میں مشروبات کی فروخت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے

اہم مقامات پر اس وقت تقریباً سینکڑوں ایسے ٹھیلے اور ریڑھیاں لگی ہوئی ہیں جن پر مختلف اقسام کے شربت فروخت کیے جا رہے ہیں‘یہ مشروبات کیمیکل‘ سکرین‘ اور سینس سے تیار کئے جاتے ہیں

منگل 15 مئی 2018 21:55

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2018ء) جوں جوں گرمی بڑھتی جا رہی ہے شہر میں مشروبات کی فروخت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے‘ اہم مقامات پر اس وقت تقریباً سینکڑوں ایسے ٹھیلے اور ریڑھیاں لگی ہوئی ہیں جن پر مختلف اقسام کے شربت فروخت کیے جا رہے ہیں‘یہ مشروبات کیمیکل‘ سکرین‘ اور سینس سے تیار کئے جاتے ہیں، اور 20 سے 30 روپے فی گلاس کے حساب سے فروخت کیا جاتا ہے‘اسی طرح شہر سمیت گردونواح کے علاقوں بھاگٹانوالہ‘ ساہیوال‘ سلانوالی‘ 46 اڈا‘ فاروقہ‘ جھاوریاں سمیت دیگر مضافات بالخصوص شاہرائوں پر بھی جعلی مشروبات کی فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیاہے ‘ مضر صحت مشروب کے استعمال سے پیٹ اور گلے کی بیماریاں پیدا ہونے لگیں جس کے مریضوں میں تشویشناک حد تک اضافہ سے شہریوں پر خوف کے سائے منڈلانے لگے‘اسی طرح ضلع کے مختلف مقامات پر نا صرف جعلی مشروبات تیار کر کے بڑی کمپنیوں سے ملتی جلتی پیکنگ میں فروخت کر کے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے‘ وہاں پر حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونک کر ٹیکس بھی بچایا جا رہا ہے‘ بعض علاقوں میں جعلی مشروبات رجسٹرڈ کمپنیوں کی اصل بوتلوں کے کریٹوں میں مکس کر کے فروخت ہورہے ہیں‘ شہریوں کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور ڈویژنل سربراہ کو اس طرف بھی توجہ دینی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :