بوٹی مافیا کے خاتمے کیلئے جوابی امتحانی کاپی میں سٹیمپ شدہ سیکیورٹی فیچر کو بحال

رٹاسسٹم کے خاتمے کیلئے سوالیہ پیپرز میں تفہیمی انداز کے سوالات میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے،چیئرمین لاہور ایجو کیشن بورڈ

بدھ 16 مئی 2018 23:13

لاہور۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2018ء) چیئرمین لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن پروفیسر چوہدری محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ بوٹی مافیا کے خاتمے اور امتحانات میں شفافیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے جوابی امتحانی کاپی میں سٹیمپ شدہ سیکورٹی فیچر کو بحال کردیا گیا، رٹاسسٹم کے خاتمے کیلئے سوالیہ پیپرز میں تفہیمی انداز کے سوالات میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے،امسال امتحانات میں چیئر مین کیساتھ ساتھ صوبہ کے 9تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ کے اختیارات فراہم کئے گئے ہیں۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزیہاں بورڈ آفس میںصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری لاہور تعلیمی بورڈ ریحانہ الیاس اورکنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر چوہدری محمد اسماعیل نے کہا کہ میٹرک اور ایف اے /ایف ایس سی کے پیپرز کی چیکنگ کیلئے ایگزامینرز کا پنجاب لیول پر ڈیٹا بیس بنالیا گیا ہے ،سوشل میڈیا کے ذریعے پیپرز کی لیکیج کو روکنے کیلئے جدید سسٹم متعارف کروادیا ہے، سکیم آف سٹڈیز کے مطابق میٹرک اور انٹر کے ماڈل پیپرز تیار کئے جاتے ہیں، میٹرک اور انٹر کے امیدواروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر رواں سال سے امتحانی سنٹرز میں اضافہ کیاگیا ہے ۔

انہوںنے بتایا کہ امتحانی عملے کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بورڈ قوائد کے مطابق تعلیمی ادارے امیدواروں کے داخلہ فارم کیساتھ سٹاف کی لسٹ بھی بھجوانے کے پابند ہونگے۔انہوںنے بتایا کہ کنڈکٹ ڈیپارٹمنٹ کو بالکل فیئر اینڈ فری اوربین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ انشائیہ کی مارکنگ میں بھی مزید بہتر بنایا جائیگا نیز automationکے نظام کو مزید آگے بڑھایا جائیگا۔

چیئرمین لاہور بورڈ نے کہ میٹرک اور انٹر کے امیدواروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر رواں سال سے امتحانی سنٹرز میں اضافہ ہواہے ۔چوہدری محمد اسماعیل نے کہا کہ امتحانی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے مارکنگ سسٹم کومزید بہتر بنانے کیساتھ ساتھ مارکنگ سنٹرز کوجدید سہولتوں سے آراستہ کررہے ہیں،مارکنگ سنٹر کا انچارج متعلقہ کالج پرنسپل ہو گا ،جو ریذیڈنٹ انسپکٹر کے طورپرکام کریگا،طلبا وطالبات کی شکایات کے ازالے اور امتحانی نظام کومزید شفاف بنانے کیلئے ون ونڈو آپریشن پر کام شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پوسٹ ڈیکلریشن آف دی رزلٹ پر ورکنگ کو مزید بہتر کرکے طلباطالبات کو وقت مقررہ پر رزلٹ کارڈدینے کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، آئندہ بچوں اور انکے والدین کو بورڈ آفس کے چکر نہیں لگاناپڑیں گے بلکہ رزلٹ کارڈانکے گھروں کے ایڈریس پر ہی ارسال کردئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :