سٹی پولیس نے محمود سلطان قتل کیس میں ملوث تین ملزمان کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا

جمعرات 17 مئی 2018 16:02

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) محمود سلطان قتل کیس میں ملوث تین ملزمان کا سٹی پولیس نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ اس ضمن میں تھانہ سٹی کے تفتیشی آفیسر چوہدری اسلم نے بتایا کہ منگل کے روز تھانہ سٹی کی حدود رئیس خانہ بازار میں بچوںکی لڑائی میں بڑے کود پڑے تھے جس کے نتیجہ میں ایوان تجارت کے جنرل سیکرٹری مفتی جعفر مقبول کے چچا محمود سلطان بدترین تشدد سے جاں بحق ہو گئے جس کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے مقتول کے بھتیجے کی طرف سے چار ملزمان عدنان، عثمان، نعمان اور حسنین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ ملزمان کو گذشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا جہاںعدالت نے ملزمان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کیلئے سٹی پولیس کے حوالہ کر دیا۔

(جاری ہے)

تاجر محمود سلطان قتل کیس میں فرار ملزم عدنان نے عدالت سے ضمانت از گرفتاری کروا لی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کچہری روڈ رئیس خانہ بازار میں لڑائی کے دوران تاجر رہنما محمود سلطان جاں بحق ہو گیا تھا جس میں ملزمان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج تھا۔ پولیس نے تین ملزمان عثمان، نعمان اور حسنین کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ ایک ملزم عدنان نے گذشتہ روز عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت کروا لی تھی۔