ڈی آئی خان، ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

جمعرات 17 مئی 2018 18:38

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ کی ہدایت پر ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی،ضلع ڈیرہ کو چھ سیکٹرز میں تقسیم کر دیا گیا ہے ان کی نگرانی دو ایس پی صدر اور رولر کر ینگے مریالی موڑ،موسمیات روڈ،محمود آئی ہسپتال،نیو بنوں چونگی،دین پور چونگی سمیت تیس مقامات پر پولیس کی خصوصی ناکہ بندیاں لگا دی گئی ہیں۔

اسی طرح تھانہ سٹی میں چار،تھانہ کینٹ میں چار،تھانہ صدر میں ایک اور تھانہ ڈیرہ ٹائون کی حدود میں دو ایگل موٹر سائیکل گشت کرینگے۔ بازاروں میں تین شفٹوں میں پولیس کی پیدل گشت ہوگی۔ افطاری کے وقت متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوزدوران ڈیوٹی سڑکوںپر افطاری کرینگے۔

(جاری ہے)

اسی طرح نماز تراویح کے دوران 69امام بارگاہوں،کیٹگری اے کی 44مساجد اور کیٹگری بی کی 70مساجد پر پولیس سیکورٹی اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دینگے۔

مارکیٹوں میں سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہونے کے گیارہ مقامات رمک،درازندہ،کھتی،ہتھالہ،ہیڈ بلوٹ اور چنڈہ سمیت دیگر مقامات پر پولیس کی خصوصی ناکہ بندیاں لگا دی گئیں ہیں۔ اسی طرح ٹریفک کے نظام کی بہتری کیلئے ڈیرہ شہر میں مسگراں گیٹ اور ٹانک اڈا سے گاڑیاں شہر میں داخل ہوسکیں گی جبکہ نظام خان گیٹ اور توپانوالہ گیٹ سے باہر نکل سکیں گی۔ ڈی پی او ڈیرہ ڈاکٹر زاہد اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ ماہ رمضان کے مہینے کے دوران سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔