نو مئی کے واقعات کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن ابھی تک ایک بھی ملزم کو سزا نہیں مل سکی‘ عظمیٰ بخاری

جمعرات 9 مئی 2024 18:26

نو مئی کے واقعات کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن ابھی تک ایک بھی ملزم کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ نو مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،نو مئی کے واقعات کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن ابھی تک ایک بھی ملزم کو سزا نہیں مل سکی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ شرپسندوں کے ٹولے نے منظم پلاننگ کے ساتھ فوجی تنصیبات پر حملے کیے۔

ان حملوں سے قبل نوجوانوں کی ایک سال تک ذہن سازی کی گئی۔ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف لوگوں کے ذہنوں میں زہر گولہ گیا۔ نوجوان طبقے کو اپنے ذاتی اعزائم کے لیے استعمال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نو مئی کے ماسٹر مائنڈ کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے جبکہ قوم کے بچے جیلوں میں اور عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہے۔ بانی پی ٹی آئی نے قوم کی اخلاقیات کو تباہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزراء اعظم کو پھانسی دی گئی، گولیاں ماری گئیں، نااہل کیا اور جلا وطن کیا گیا، جبکہ یہ انوکھا لاڈلا تھا جس کی گرفتاری پر جناح ہاؤس،جی ایچ کیو پر حملے کئے گئے اور ریڈیو پاکستان کو جلا دیا گیا۔ شر پسندوں کا ٹولہ ایک بات ذہن نشین کر لے نو مئی کا ان کو حساب دینا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نو مئی کے ماسٹر مائنڈ، سہولت کار اور کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ہر پاکستانی شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتا ہے لیکن اس بدبخت ٹولے نے اپنے ہی شہداء کا تمسخر اڑایا۔ شہداء کے مجسمے جلائے، ان شہداء کے لواحقین آج بھی عدالتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ ان کے پیاروں کے حرمتی کرنے والوں کو سزائیں کب دی جاتی ہیں