یونین صدر جواد رسول کی بحالی کے بعد فاسفیٹ ورکروں نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا

جمعرات 17 مئی 2018 20:48

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء) فاسفیٹ کے ورکروں نے مطالبات کے حق میں جاری ہڑتال ختم کر دی۔ صوبائی مشیر مواصلات اکبر ایوب خان اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما یوسف ایوب کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ہزارہ فاسفیٹ انتظامیہ، لیبر ڈیپارٹمنٹ اور ورکر یونین کی موجودگی میں انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام فریقین کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد ہزارہ فاسفیٹ کے صدر جواد رسول کو بحال کرنے کے فیصلہ کے بعد ورکروں نے ہڑتال ختم کر دی۔

(جاری ہے)

فیکٹری انتظامیہ کسی ورکرز کو آئندہ برطرف نہیں کر سکے گی، اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاض علی شاہ کے دفتر میں ہزارہ فاسفیٹ کے جنرل منیجر احسان اور جاوید نے شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ لیبر کے ڈپٹی ڈائریکٹر فیض الله کی موجودگی میں ورکر یونین ہزارہ فاسفیٹ کے صدر جواد رسول سے کامیاب مذاکرات کے بعد ہزارہ فاسفیٹ کی انتظامیہ نے صدر جواد رسول کو بحال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جس کے بعد فاسفیٹ یونین کے عہدیداران نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔