ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو، پھلوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے

جمعرات 17 مئی 2018 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2018ء) ماہ رمضان کا آغاز ہوتے ہی اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ پھلوں کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ حکام سرکاری پرائس لسٹ پر عملدرآمد کرانے سے قاصر نظر آتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی اشیائے خوردونوش کے ساتھ ساتھ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق 80 روپے درجن کے کیلے کی 150 روپے درجن میں فروخت ہورہے ہیں، 20 روپے کلو میں بکنے والا تربوز 30 روپے کلو جبکہ 80 روپے والا گرما 120 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔80روپے کلو میں بکنے والے سیب کی قیمت 150 روپے فی کلو ہوگئی، اور پھلوں کا بادشاہ سمجھا جانے والا پھل آم 150 سے 180روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔حکام سرکاری پرائس لسٹ پر عملدرآمد کرانے سے قاصر نظر آتے ہیں نتیجتا بے یار و مدد گارعوام مہنگائی کے بو جھ تلے دبتے ہی جا رہے ہیں۔شہری میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ سوال کرتے نظر آئے کہ پرائس کنٹرول کے لئے مثر قانون کیوں نہیں ہی آخر سندھ حکومت پرائس کو کنٹرول کرنے میں سنجیدہ کب ہوگی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے قانون سازی کب کی جائے گی