حکومت کا صوبہ بھر میں گیسٹرو سے بچائو کیلئے خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کافیصلہ

جمعہ 18 مئی 2018 12:10

فیصل آباد۔18 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2018ء) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گیسٹرو سے بچائو کیلئے خصوصی شعور و آگاہی اور تشہیری مہم شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے جس کے تحت صوبہ کے تمام 9ڈویژنز فیصل آباد ، لاہور ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ،ساہیوال ، سرگودھا ، ملتان،بہاولپور ، ڈی جی خان کے 36اضلاع میں ضلع کونسلز،میونسپل کمیٹیز ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے اشتراک سے معلوماتی بینرز آویزاں کئے جائیں گے جبکہ الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھی عوام میں گیسٹرو سے بچائو کیلئے شعور بیدار کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

محکمہ صحت فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتا یا کہ اس مہم کے دوران لوگوں میں آگاہی پید اکی جائے گی تاکہ موسم گرما کے دوران دیہی و شہری اور خصوصاً پسماندہ آبادیوں کے مکین احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے پیٹ کے امراض اور وبائی بیماریوں سے بچ سکیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کمشنر فیصل آباد ڈویژن ، ڈی سی فیصل آباداور سی ای او ہیلتھ فیصل آباد نے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ و ہ کسی بھی علاقہ میں گیسٹرو کی کسی بھی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کے تدارک کیلئے برو قت اقدامات کریں ۔انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔