مصر،سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 19جنگجو واصل جہنم

جمعہ 18 مئی 2018 21:41

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 مئی2018ء) مصری شورش زدہ علاقے سینا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 19جنگجو ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سینا میں سکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائی میں مزید19 مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں ۔مصری فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں وسطی اور شمالی سینا میں فوج اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 19 مشتبہ انتہا پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

مصری فورسز صدر عبدالفتاح السیسی کے حکم پر شمالی سینا اور ملک کے دوسرے علاقوں میں 9 فروری سے آپریشن سینا 2018 کے نام سے جنگجوں اور انتہا پسندوں کے خلاف بڑی کارروائی کررہی ہیں ۔ تب سے اب تک قریبا 300 جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں اور ان کے جوابی حملوں یا جھڑپوں میں 35 فوجی مارے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر السیسی نے گذشتہ ماہ سینا کے دورے کے موقع پر مکینوں سے یہ وعدہ کیا تھا کہ یہ آپریشن بہت جلد ختم کردیا جائے گا۔

انھوں نے مارچ میں دوبارہ ملک کا صدر منتخب ہونے کے بعد کہا تھا کہ سینا میں جنگجوں کو شکست دی جائے گی اور وہاں امن قائم کیا جائے گا۔واضح رہے کہ جولائی 2013 میں مصر کے پہلے منتخب صدر محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے داعش سے وابستہ گروپ نے اس علاقے میں سرکاری سکیورٹی فورسز پر بیسیوں تباہ کن بم حملے کیے ہیں۔شمالی سینا میں داعش کے علاوہ متعدد اور جنگجو گروپ بھی مصری سکیورٹی فورسز کے خلاف برسرپیکار ہیں اور ان جنگجو گروپوں کے حملوں میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :