رمضان المبارک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت ،دیگر فریقین سے جواب طلب

جمعہ مئی 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک میں بجلی کی ٹرپنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی ۔ درخواستگزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے پانچ سالوں میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا مگر لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی بجائے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے باوجود لوڈ شیڈنگ ختم نہیں ہورہی جس کی وجہ سے روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق حکومت نے ڈیموں سے پانی پہلے ہی استعمال کر لیا جس کی وجہ سے بجلی سپلائی کا نظام بار بار ٹرپ کر رہا ہے،نو سو ارب روپے کے گردشی قرضوں کی وجہ سے تھرمل پاور ہاوسز بند پڑے ہیں جس سے بجلی کا شارٹ فال بڑھتا جا رہا ہے۔غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر کے واپڈا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ جس پر فاضل عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔