حکومت اپنی مدت پوری ہونے سے قبل ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کرے ‘ اشرف بھٹی

انتخابات کے پر امن انعقاد کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے کرنے کیلئے اے پی سی بلائی جائے ‘ صدر آل پاکستان انجمن تاجران

ہفتہ 19 مئی 2018 13:15

حکومت اپنی مدت پوری ہونے سے قبل ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کرے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2018ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری ہونے سے قبل ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کرے ،انتخابات کے پر امن انعقاد کے حوالے سے ضابطہ اخلاق طے کرنے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس طلب کی جائے ،جمہوریت کے تسلسل اور استحکا م سے ہی ملک اور معیشت کی ترقی ممکن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف مارکیٹوں کے تاجروںکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مارکیٹوں میں درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ اگر حکومت اپنی مدت پوری ہونے سے قبل ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کا اعلان کردے تو تاجر برادری بھرپور اظہار تشکر کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس ٹیکس سے معیشت کو ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ہوا اور حکومت اور اس کے ادارے بھی اس سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں ہیجان کی کیفیت نے ہر شعبے پر منفی اثرارت مرتب کئے ہیں ۔عوام اورتاجر برادری پر امن انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں اس لئے حکومت بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام جماعتوں کی اے پی سی بلائے جس میں ایک ضابطہ اخلاق طے کیا جائے ۔ اشرف بھٹی نے مزید کہا کہ جمہوریت کے تسلسل اوراستحکام سے ہی ملک کی بقاء او ر ترقی ممکن ہے اس لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو جمہوریت کے راستے میں آنے والی رکاوٹوں کو دو ر کرنے کے لئے اپنا ہر ممکن کردارادا کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :