سیدئہ کائناتؓ خواتین عالم کے لیے اسوئہ کامل کا درجہ رکھتی ہیں:فرح ناز

خاتون جنتؓ کے قدموں کی دھول کے صدقے حکمت و بصیرت کی خیرات بٹتی ہے دنیوی و اخری زندگی کی کامیابی کے لیے سیدئہ کائنات کے نقش پا کو مشعل راہ بنانا ہوگا،حضرت فاطمة الزہرائؓ کے یوم وصال کے حوالے سے منعقدہ فکری نشست سے خطاب

ہفتہ 19 مئی 2018 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2018ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا تاریخ بشریت کی نادر،صاحب فضل و کمال شخصیت ہیں،سیدہ کائنات خواتین عالم کے لیے اسوہ کامل کا درجہ رکھتی ہیں،بیٹی،ماں اور اہلیہ کی حیثیت سے انہوںنے وہ ناقابل فراموش کردار پیش کیا جو ہر اعتبار سے بے مثال اور قابل تقلید ہے۔

حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت طیبہ دنیا بھر کی عورتوں کے لیے مشعل راہ ہے۔سیدہ کائنات کے قدموں کی دھول کے صدقے حکمت و بصیرت کی خیرات بٹتی ہے، آج کی عورت اگر عزت واحترام،ترقی و عروج چاہتی ہے تو سیدہ کائنات کے نقش پا کو اپنے لیے مشعل راہ بنا لے۔ ہم مادہ پرستی کی دوڑ میں ہانپ رہے ہیں جبکہ سکون اللہ کے محبوبین کی قربت ومعیت سے میسر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جن خواتین نے سیدہ کائنات جیسی عظیم ہستی کو اپنے لیے آئیڈیل اور رول ماڈل بنا لیا دنیاوی واخروی کامیابی و کامرانی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔ وہ خاتون جنت سیدئہ کائنات حضرت فاطمة الزہراء رضی اللہ عنہا کے یوم وصال کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقدہ فکری نشست سے خطاب کر رہی تھیں۔اس موقع پر افنان بابر، شاہدہ مغل، زینب ارشد،عائشہ مبشر،ارشاد اقبال، ام حبیبہ،لبنیٰ مشتاق، کلثوم طفیل،ام حبیبہ اسماعیل،میمونہ شفاعت،ایمن یوسف،سعدیہ احمد ودیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ سیدئہ کائنات حضرت فاطمہ کی سیرت دنیا بھر کی عورتوں کے لیے مشعل راہ ہے۔آپ سلام اللہ علیہا صبر واستقلال کا پہاڑ،حلم وبردباری کی آہنی دیوار اور مساوات کا مقدس پیکر تھیں۔اطاعت شوہر اور بچوں کی صالح پرورش آپ کے حسن کردار کا آئینہ دار ہے۔فرح ناز نے کہا کہ حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کا اخلاق و کردار اپنی والدہ ماجدہ حضرت سیدہ خدیجة الکبری رضی اللہ عنہا کی صفات کا واضح نمونہ تھا۔

جودوسخا میں اپنی والدہ کی وارثہ اور ملکوتی صفات واخلاق میں اپنے عظیم والدحضور نبی اکرم ﷺ کی جانشین تھیں۔سیدئہ کائنات رضی اللہ عنہا اپنے شوہر سیدنا مولا علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے لیے دلسوز مہربان اور فدا کار زوجہ تھیں۔سیدئہ کائنات رضی اللہ عنہا کے قلب مبارک میں اللہ کی عبادت اور حضور اکرم ﷺ کی محبت کے علاوہ کوئی تیسرا نقش نہ تھا۔

سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے اسلام کے مکتب تربیت میں پرورش پائی۔سیدئہ کائنات کی تربیت خود معلّم اعظم حضور اکرم ﷺ نے فرمائی تھی۔ حکمت و دانائی سیدئہ کائنات رضی اللہ عنہا کے گھر کی باندی تھیں۔حضور اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے اسے ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا جس نے مجھے ناراض کیا اس نے اللہ کو ناراض کیا۔ فرح ناز نے کہا کہ اہل بیت کا مقام ومرتبہ انسانی عقل سے ماوراء ہے۔یہ وہ مقدس گھرانہ ہے جس کی عظمت وتطہیر کا بیان خود قرآن کریم کرتا ہے۔اس لیے اہل بیت سے دل و جان سے محبت کرنا اہل ایمان کے لیے خوش بختی کا باعث ہے۔

متعلقہ عنوان :