اسسٹنٹ کمشنر گل بانو نے رمضان المبارک کے دوران سستا بازار لگانے کیلئے جیل پلازہ روڈ کا انتخاب کرلیا

ریڑھی بانوں ، چھابڑی فروشوں اور کریانہ دکانوں کے مالکان کی رجسٹریشن کے احکامات جاری

پیر 21 مئی 2018 20:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گل بانو نے رمضان المبارک کے دوران سستا بازار لگانے کیلئے جیل پلازہ روڈ پرموزوں جگہ کا انتخاب کرلیاہے،ڈبلیو ایس ایس سی اورٹی ایم اے نے جگہ کی صفائی بھی کردی ہے جس پر بہت جلدسستا بازار لگایا جائے گا جس سے کوہاٹ کے عوام کواس مقدس مہینے میںروزمرہ کی اشیائے خوردو نوش سستے داموں دستیاب ہوں گی۔

(جاری ہے)

گل بانو نے اس موقع پر ریڑی بانوں ، چھابڑی فروشوں اور کریانہ دکانوں کے مالکان کی رجسٹریشن کے احکامات جاری کیے۔دریں اثناء انہوں نے جناح پلازہ تا ہائی سکول نمبر2 بازار کے اطراف میںتجاوزات قائم کرنے والے 18 مالکان کے خلاف تجاوزات ایکٹ کے تحت مقدمات کے اندراج کا حکم بھی صادر کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کوہاٹ شہر کے مین بازار میں اشیائے خوردونوش خصوصاًً چھوٹے اور بڑے گوشت کے نرخ چیک کیے اور گرانفروشی کرنے والے 3 قصابوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔اس موقع پر گل بانو نے خرید وفروخت کے لئے آئے شہریوں سے بھی بات چیت کی اورانہیں درپیش مسائل کے جلدسدباب کی یقین دہانی کرائی۔