ایشین گیمز فٹ بال کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ کل لاہور میں شروع ہوگا

جمعرات 24 مئی 2018 11:20

لاہور۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) ایشین گیمز فٹ بال کی تیاری کیلیے تربیتی کیمپ کل جمعہ سے لاہور میں شروع ہوگا۔ پا کستان فٹ بال فیڈریشن کی طرف سے جس برازیلی ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا کی قومی فٹ بال ٹیم کی ٹریننگ کیلئے خدمات حاصل کی گئی ہیں وہ کل جمعہ کو لاہور پہنچیں گے۔ وہ ایشین گیمز فٹ بال کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے کیلئے کام کرینگے۔

برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا کی خدمات پہلے ہی حاصل کی جاچکی ہیں۔ صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹ بال کو بتدریج جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز فٹ بال کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ میں برازیلی کوچ جوز انتونیو ناگورا پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

برازیل سے ہی تعلق رکھنے والے ٹرینر جوز رابرٹو پورٹیلا سائو پالو سے براستہ دبئی کل جمعہ کی صبح لاہور پہنچ جائیں گے۔

یاد رہے کہ سابق فٹ بائولر رابرٹو پورٹیلا فزیکل ایجوکیشن میں گریجوایشن، فٹ بال سائنس میں پوسٹ گریجوایشن کی ڈگریز کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ لو یونین آف کوچز کا لائسنس بھی رکھتے ہیں، اس کے علاوہ فزیکل ٹریننگ، پرفارمنس اینالسز، یوتھ کوچنگ اور اے کلاس پروفیشنل کوچ کے کورسز بھی مکمل کرچکے ہیں۔ انہیں 5 سال تک نیشنل ایٹلیٹکو کلب کے فزیکل ٹرینر اور اسسٹنٹ کوچ کے طور پرکام کرنے کا تجربہ حاصل ہے، وہ انڈر 17 ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہے، اس کے بعد تاحال 3کلبز کیساتھ ٹرینر اور اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ رابرٹو پورٹیلا کی رہنمائی اور معاونت کی بدولت کلبز کی ٹیمیں 3 ٹائٹلز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔