بے لوث عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا، حناء ارشد وڑائچ

جمعرات 24 مئی 2018 23:33

سیالکوٹ۔24 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے ضلع کی چاروںسیالکوٹ، ڈسکہ، سمبڑیال اورپسرورتحصیلوں میں اربوں روپے کی لاگت سے جاری تمام ترقیاتی منصوبہ جات کی تعمیرکا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن نے ضلع کونسل کے انجینئرز، ٹھیکیداروں اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدائت کی کہ ان تمام ترقیاتی کاموں میں معیاری میٹریل کے استعمال اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔

مقامی یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔چیئرپرسن حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر ضلع کونسل سیالکوٹ دیہی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے مقامی بلدیاتی نمائندوں کی زیر نگرانی تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دیہی عوام کو بلاشبہ قومی ترقیاتی دھارے میں شامل کر کے ان کا معیار زندگی بلند کیا جارہا ہے۔

تمام بنیادی سہولیات دیہی عوام کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ دریں اثناء چیئرپرسن نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا ہے کہ وہ بلاامتیاز بے لوث عوامی خدمت کا اپنا شعار بنا کر عوامی اعتماد پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل دیہی عوام کا احساس محرومی ختم کر رہی ہے۔ ترقی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔چیئرپرسن نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں عوامی ترقی و خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا سنہری دور جاری ہے۔بے لوث عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔