کوہاٹ نرسنگ سکول کے وفد کا ریسکیو1122 کوہاٹ کے ضلعی دفتر کا دورہ

جمعہ 25 مئی 2018 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) ریسکیو1122 کا کام مصیبت میں لوگوں کے کام آناہے اور اس ادارے کے قیام کا مقصد ہی صرف اور صرف عوام کی خدمت کرنا اور دوسروں کی جان بچانا ہے۔ریسکیو1122 کوہاٹ نے بہت کم وقت میں عوام کے دلوں میں اپنے لئے جگہ بنا لی ہے۔اس خیالات کا اظہار کوہاٹ نرسنگ سکول کی پرنسپل نوشابہ خان نے اسٹاف کے ہمراہ ریسکیو 1122 کے ضلعی آفس کے دورے کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

جہاں پر ایمرجنسی آفیسر نور الامین خٹک نے ان کا استقبال کیا جبکہ میڈیا کوآرڈینٹر یاسر خٹک نے نرسنگ سکول کے وفد کو ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم،جدید آلات،فائر سٹال، ایمبولینس اورادارے کے دیگر امور پر بریفنگ دی ۔اس موقع پر پرنسپل نوشابہ خان نے کہا یہ ایک عالمی معیار کی سروس ہے اور کوہاٹ کے عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔انہوں نے ریسکیو عملے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہماری تمام تر نیک خواہشات اس ایمرجنسی ادارے کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر ایمرجنسی آفیسر نور الامین خٹک نے کوہاٹ نرسنگ سکول کے وفد کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیاکہ ان کا ادارہ کوہاٹ کی عوام کو ان کی دہلیزپر 24 گھنٹے اور 7 دن فری اور فوری سروس فراہم کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :