ْ وفاقی حکومت پاکستان میں کھیلوں کیلئے ہرشہری پراوسط 5روپے سالانہ خرچ کر رہی ہے،کمیٹی میں انکشاف

پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حالات کچھ زیادہ اچھے نہیں ، نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم بھی کھیلنے کے قابل نہ رہا جس کا ٹرف 40سال قبل تبدیل کیا گیا ، وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ابوعاکف کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

جمعہ 25 مئی 2018 20:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 مئی2018ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت پاکستان میں کھیلوں کیلئے ہرشہری پراوسط 5روپے سالانہ خرچ کر رہی ہے ،پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حالات بھی اب کچھ زیادہ اچھے نہیں ، نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم بھی کھیلنے کے قابل نہ رہا جس کا ٹرف 40سال قبل تبدیل کیا گیا ۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا پہلا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سردار یعقوب ناصر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا جس میں کمیٹی اراکین نے شرکت کے حوالے سے عدم دلچسپی ظاہر کی جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم بھی اجلا س سے غائب رہے ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد خان نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے ، ایشین گیمز کی تیاریوں کیلئے مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس پاکستان سپورٹس بورڈ نے لگا دیئے ہیں جبکہ پاکستان نے ساوتھ ایشین گیمز کی بھی میزبانی کرنی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نارووال سپورٹس سٹی بھی پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے ایک بڑا اثاثہ ہو گا جبکہ مختلف سینٹرز پر بھی تربیتی کیمپس لگائے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے کمیٹی کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے انفراسٹکچر اور سہولیات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی ۔ سینیٹر فیصل جاوید نے سوال کیا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کہاں ہیں جس پر وزارت کے حکام نے بتایا کہ وہ بیمار ہے اس لئے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے ۔

اس موقع پر وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ابوعاکف نے کمیٹی بتایا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے قائم ادارہ پاکستان سپورٹس بورڈکابجٹ ایک ارب روپپے ہے جس میں سے آدھا بجٹ پی ایس بی کی تنخواہوں میں نکل جاتا ہے جبکہ وفاقی حکومت پاکستان میں کھیلوں کیلئے ہر شہری پراوسطا 5روپے سالانہ خرچ کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے حالات بھی کچھ اچھے نہیں ہے ، چین کے پاکستان سپورٹس کمپلیکس بنا کر پاکستان کو تحفہ میں دیا تھا جس کی حالت کو بہتر بنانا ہو گا جبکہ نصیربندھ ہاکی سٹیڈیم کاٹرف بھی 40سال قبل تبدیل کیاگیا،اب اس سٹیڈیم میں ہاکی بھی نہیں کھیلی جاسکتی،ابوعاکف کا کہنا تھا کہ دنیابھرمیں پاکستان کاجھنڈاصرف کھیلوں میں یاپھرسفارتخانوں میں ہی لہرایاجاسکتاہے،کھیلوں کی بہتری کیلئے ترقیاتی بجٹ بہت کم ہے،جس پر کمیٹی کے چیئرمین سردار یعقوب ناصر نے کہاکہ کھیلوں کا معاملہ انتہائی اہم ہے آئندہ اجلاس میں کمیٹی ارکان کی موجودگی میں تفصٰلی بریفنگ لینگے ، ارکان کے سینیٹ کے اجلاس میں چلے جانے پر چیئرمین کمیٹی نے قائمہ کمیٹی کا اجلاس ملتوی کر دیا ۔