فاٹا انضمام کی آئینی ترمیم کی منظوری خوش آئند ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مضبوطی کا سبب بنے گی ، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعہ 25 مئی 2018 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ فاٹا انضمام کی آئینی ترمیم کی منظوری خوش آئند ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مضبوطی کا سبب بنے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی اسمبلی میں نو تعمیر شدہ کارپاکنگ کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعدمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ مذکورہ عمارت میں دوسو گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ عمارت میں ممبران اسمبلی اور اسمبلی ملازمین کیلئے کیفے ٹیریا اورایک وسیع ہال لائبریری کیلئے بھی مختص کیاگیا ہے۔

سپیکر نے کہا کہ مذکورہ عمارت کی تعمیر سے کارپارکنگ کے ضمن میں عرصہ درازسے درپیش مشکلات کا حل تلاش کرلیا گیا ہے انہوںنے کہا کہ فاٹا انضمام سے فاٹا کے عوام میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے یہ ایک تاریخی اقدام ہے اور یہ اقدام فاٹا کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

جسکے باعث فاٹا میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا فاٹا کے عوام کیلئے روزگار کے دروازے کھلیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ مذکورہ قومی مسئلے پر مسلم لیگ سمیت تمام پارٹیوں نے مثبت کردار اد اکیا ۔انہوںنے کہا کہ مشاورت کیلئے تمام پارلیمانی پارٹی کے قائدین کو بلایا جائے گا اور اس تاریخی لمحے کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔انہوںنے کہا کہ اس ضمن میںقانون سازی کیلئے جلد ازجلد اجلاس بلارہے ہیں ہماری کوشش ہوگی کہ دوتہائی اکثریت سے بل اسمبلی سے پاس کروایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ اختلاف رائے رکھنا ہر کسی کا قانونی حق ہے ہم جے یوآئی والوں سے درخواست کریں گے کہ وہ صوبائی اسمبلی میں آئیں اور اپنا نقطہ نظرپیش کریں ۔انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر میں رابطے ہورہے ہیں امید ہے جلد ہی دونوں متفق ہو جائیں گے ۔