اسلام آباد ہائی کورٹ ،,رمضان ٹرانسمیشن ضابطہ اخلاق کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری

جمعہ 25 مئی 2018 22:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے رمضان ٹرانسمیشن ضابطہ اخلاق کے حوالے سے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے ۔جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلہ سنایا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ انڈین مواد چلانے کے حوالے سے احکامات بھی غیرقانونی ہیں ، رمضان ٹرانسمیشن ضابطہ اخلاق عملدرآمد کے لئے بنائی جانے والی وزارت داخلہ کی کمیٹی کو بھی غیرقانونی قرار دے دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ پہلے عشرے کی جو عملدرآمد رپورٹ مانگی ہے وہ پیمرا کا اختیار ہے ، پیمرا کے پاس کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد کرانے کا مکمل اختیار موجود ہے ،ہائی کورٹ ریگولیٹر کا کردار ادا نہیں کرسکتی، پیمرا ریگولیٹر ہے وہ ہی چینلز کو اپنے ضابطہ اخلاق کا پابند بنائے۔ عدالت کاتحریری فیصلہ 26 صفحات پر مشتمل ہے۔ واضح رہے نجی چینل اور پاکستان پراڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے 9 مئی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔