عوامی جمہوریہ چین کے کونسل جنرل لاہورلانگ ڈنگ بن کاپاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کا دورہ

جمعہ 25 مئی 2018 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2018ء) عوامی جمہوریہ چین کے کونسل جنرل لاہورلانگ ڈنگ بن نے گزشتہ روز پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر ہسپتال کے صدر اورچیف ایگزیکٹیو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے ہسپتال انتظامیہ کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کیا۔اس دوران معزز مہمان کے ہمراہ چائنیز کونسلیٹ لاہورکے دیگر عہدہ داران بھی موجود تھے۔

ہسپتال انتظامیہ نے معزز مہما نان گرامی کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا جبکہ ڈاکٹر سعید اختر نے اس موقع پر ایک بریفنگ کے ذریعے مہمانوں کو ہسپتال کے منصوبے کے بارے میں معلومات دیں اور ہسپتال کے مشن سے آگاہ کیا۔اپنے دورے کے دوران معزز مہمان نے اس منصوبے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ PKLI&RCایک بہترین منصوبہ ہے جو پاکستان میں ہیلتھ کیئر کے معیار کو یقیناً بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ وہ اس منصوبے کے مشن سے بیحد متاثر ہوئے ہیں اور پاکستان میں کڈنی اور لیور سے متعلقہ بیماریوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں میں ان بیماریوں سے متعلق آگہی پھیلانے کا یہ وژن انتہائی قابل ستائش ہے۔اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ اور چینی کونسل جنرل کے درمیان ہونے والی میٹنگ میں نرسنگ اور میڈیکل سٹاف کیلئے تعلیمی و فنی ٹریننگ کے منصوبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر روز دیاگیا۔

کونسل جنر ل لانگ نے خصوصی طور پر PKLI&RCکے سکالر شپ پروگرا م، غیر ملکی اداورں کے ساتھ تعلقات اور انڈسٹری کے درمیان باہمی اشتراک میں ہر ممکن تعاون کا اظہار کیا۔ ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سعید نے اس موقع پر معزز مہمان کو بتا یا کہ حکومت پنجاب 500 بیڈز کے اس ہسپتال کو چلانے کیلئے پہلے 3سال تک75 فیصد اخراجات اٹھائے گی، اس کے بعد ہسپتا ل اپنے اخراجات کا اتنا ہی حصہ تشخیصی و معالجاتی سہولیات کی فراہمی، زکوٰة اور عطیات کے ساتھ ساتھ دیگر مالی منصوبوں سے پورا کرے گا۔

ہسپتال کے ایسو سی ایٹ میڈیکل ڈائریکٹرز ڈاکٹر جہانگیر عباس اور ڈاکٹر محمد مبین، ڈائریکڑ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ اعجاز احمد اور کنسلٹنٹ اینستھیزیا ڈاکٹر معصومہ سعید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آخر میں کونسل جنرل نے ہسپتال کی شجر کاری مہم کے حوالے سے ہسپتال میں اپنے ہاتھ سے ایک پودا بھی لگایا، ہیڈ آف مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ التمش پرویز اس دوران معزز مہمان کے ہمراہ تھے۔