سعودی عرب میں چھ خواتین سمیت 80افرادکا قبول اسلام

مشرقی ریجن میں دعوہ والارشاد کے ذیلی دفتر میں شہادتیں کا اقرار کرتے ہوئے قبول اسلام کا اعلان کیا

ہفتہ 26 مئی 2018 14:00

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2018ء) سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں چھ خواتین سمیت 80 افراد نے اسلام قبول کر لیا ۔ نومسلموں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے جنہو ں نے مشرقی ریجن میں دعوہ والارشاد کے ذیلی دفتر میں شہادتیں کا اقرار کرتے ہوئے قبول اسلام کا اعلان کیا ۔عرب ٹی وی کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مشرقی ریجن میں رمضان پروگرام کے تحت مختلف مراکز میں دعوتی پروگرام منعقد ہوتے رہتے ہیں جس میں لوگ بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

دعوة والارشاد کی زیر نگرانی افطار پروگرام بھی گزشتہ 3 برسوں سے جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں غیر ملکی اور مقامی افراد شرکت کرتے ہیں ۔ اس ضمن میں افطار پروگرام کے ذمہ دار شیخ حسین الشھری نے بتایا کہ افطاری سے قبل دعوتی کام ہوتا جس میں دین اسلام کے زریں اصولوں سے حاضرین کو آگاہ کیاجاتا ہے ۔ اس کے علاوہ نو مسلموں کے لئے بھی خصوصی اہتمام کیاجاتا ہے تاکہ انہیں اسلامی اصولوں کے بارے میں اچھی طرح آگاہی فراہم کی جاسکے۔ افطاری پروگرام میں آنے والے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں کو انکی زبانوں میں تیار کی گئی کتب اور ہینڈ بلز بھی فراہم کئے جاتے ہیں جن میں اسلام کے بارے میں مختصرا مگر جامع اندا ز میں اہم نکات کی نشاندہی کی جاتی ہے۔